پاکستان نے لیا بدلہ، ہندوستان کو 5وکٹ سے دی شکست

0

دبئی (یو این آئی) : پاکستان نے محمد رضوان (71) کی نصف سنچری اورمحمد نواز (42) کی دھماکے دار اننگ کے بعد آصف علی (16) کی بیش قیمتی شراکت کی بدولت ہندوستان کو ایشیا کپ 2022کے سپر-4میچ میں اتوار کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ہندوستان نے پاکستان کو 20 اوورز میں 182 رنوں کا ہدف دیا تھا جسے انہوں نے ایک گیند پہلے ہی حاصل کرکے ہندوستان سے گروپ اسٹیج کی ہارکابدلہ لے لیا۔پاکستان کو اس سنسنی خیز مقابلے کے آخری دو اوورز میں 26 رنز درکار تھے ۔ ٹیم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے آصف علی نے 19ویں اوور میں بھونیشور کمار کو ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا جس کی وجہ سے پاکستان نے اس اوور میں 19 رن جوڑے ۔ بابر اعظم کی ٹیم نے آخری اوور میں کچھ ہچکیوں کے بعد 182 رنوں کے ہدف کوحاصل کرلیا۔
دوسری طرف ہندوستان نے وراٹ کوہلی (60) کی نصف سنچری کی اننگ کی بدولت پاکستان کو ایشیا کپ 2022 کے سپر-4ٹی- 20میچ میں اتوار کو 182 رنوں کا ہدف دیا۔ہندوستان نے 10 اوورز میں 93 رنز بنائے تھے لیکن پاکستان نے بہترین گیند بازی سے ہندوستانی بیٹنگ کی رفتار کو کم کرتے ہوئے ٹیم کو 20 اوورز میں 181 رنوں پر روک دیا۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر ہندوستان کوبلے بازی کے لیے بلایا لیکن روہت شرما نے پہلے اوور میں ہی ایک چوکا اور ایک چھکا لگاتے ہوئے ہندوستان کا ارادہ ظاہر کر دیا۔ کپتان روہت نے لوکیش راہل کے ساتھ مل کر پہلے وکٹ کے لیے 31 گیندوں میں 54 رن جوڑے ۔ روہت نے 16 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے جبکہ راہل نے 20 گیندوں میں اتنے ہی رن بناتے ہوئے ایک چوکا اور دو چھکے لگائے ۔ہندوستان کا مڈل آرڈر تاہم جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش میں بکھرگیا۔ سوریہ کمار یادو نے 14 (10)، رشبھ پنت نے 13 (10) اور دیپک ہڈا نے 16 (14) رن بنائے ۔ پاکستان کے خلاف گزشتہ میچ میں ہندوستان کو جیت دلانے والے ہاردک پانڈیا اپنا کھاتہ نہیں کھول سکے ۔کوہلی نے ہندوستان کے لئے سب سے زیادہ رن بناتے ہوئے 44 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 60 رن بنائے ۔ کوہلی 20ویں اوور کی چوتھی گیند پر دورن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کریز پر آئے روی بشنوئی نے دو گیندوں پر دو چوکے لگا کر ہندوستان کو 20 اوور میں 181 رنوں تک پہنچایا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS