امریکی باسکٹ بال کھلاڑی کوبی برائنٹ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک

    0

    پانچ نیشنل باسکٹ بال ایسوسیئشن چیمپینشپ جیتنے والے باسکٹ بال کے آئکن کوبی برائنٹ اتوار کو ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں مارے گئے
    41 سالہ برائنٹ کا شمار اپنی نسل کے بہترین باسکٹ بال کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ وہ لاس اینجلس لیکرس کے سابق اسٹار کھلاڑی تھے۔حادثے میں ان کی تیرہ سالہ بیٹی جیانا اور پائلٹ سمیت سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔امریکی حکام کے مطابق یہ حادثہ اتوار کے روز لاس اینجلس کے نواحی علاقے میں پیش آیا۔امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اور سابق صدر باراک اوبامہ نے کوبی برائنٹ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔سابق صدر باراک اوباما نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہاکوبی کورٹ کے اندر لیجنڈ تھے۔
    کوبی بریانٹ کی موت پر مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں کی طرف سے اظہار افسوس اورتعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کی موت کی اطلاع ملنے پر امریکا بھر میں باسکٹ بال کے مقابلوں کے دوران کوبی کے احترام میں تھوڑی دیر کے لیے خاموشی اختیار کی گئی۔باسکٹ بال کے سابق کھلاڑی ٹونی پار اور شہرہ آفاق ایتھلیٹ اور 8 مرتبہ اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے یوسین بولٹ نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کوبی بریانٹ اور ان کی شریک حیات وینیسیا کی چار بیٹیاں تھیں۔ حادثے میں ہلاک ہونے والی بیٹی جیانا کے علاوہ دیگر تین بیٹیاں نتالیہ، بیانسا اور کیپری ہیں۔لاس اینجلس کاؤنٹی کے شیرف الیکس ولانوویواکے مطابق ہیلی کاپٹر مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے لاس اینجلس سے پینسٹھ کلو میٹر شمال مغرب میں گر کر تباہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی وہاں ایک ٹیم پہنچی جس نے آگ پر قابو پالیا۔ انہوں نے ایک تصویر بھی پوسٹ کی جس میں ایک فائر ٹنڈر جائے حادثہ پر کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر سکارسکی ایس 76تھا۔ برائنٹ عام طور پر اسی ہیلی کاپٹر میں سفر کرتے تھے۔ حکام نے حادثے کی انکوائری کرنے کا اعلان کیا ہے۔کوبی برائنٹ سترہ برس کے تھے جب وہ اسکول سے براہ راست امریکی نیشنل باسکٹ بال ایسوسیشن میں داخل ہوئے۔ اس طرح وہ این بی اے کے سب سے کم کھلاڑی بنے۔انہیں سن 2008 میں این بی اے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے دو بار این بی اے میں بہترین سکورنگ کرنے کا اعزاز حاصل کیا اور دو مرتبہ اولمپک چمپئن بنے۔پانچ بار نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے چمپئن رہنے والے برائنٹ نے اپنے پورے بیس سالہ کرئیر کے دوران لاس اینجلس لیکرز کی جانب سے ہی کھیلا اور وہ اپریل 2016 میں ریٹائر ہوئے۔باسکٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوبی بریانٹ کے 2015میں لکھے گئے خط پر 2017میں ایک مختصر اینی میٹیڈ فلم 'ڈیئر باسکٹ بال' بنائی گئی تھی۔ پانچ منٹ کی اس فلم کو 2018  میں بہترین اینی میٹیڈ شارٹ فلم کا آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS