قومی اقلیتی کمیشن نے جہانگیر پور انہدامی مہم کا نوٹس لیا ہے: سید شہزادی

0

سری نگر:(یو این آئی) قومی اقلیتی کمیشن کی کار گذار چیئرپرسن سید شہزادی کا کہنا ہے کہ کمیشن نے دلی کے جہانگر پور میں انہدامی مہم کا نوٹس لیا ہے اور اگر کچھ غلط ہوا ہے تو کمیشن اس کے خلاف کارروائی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کمیشن کے چیئرمین اور دیگر ممبران نے جہانگیر پور کا دورہ کیا اور وہ اس سلسلے میں حکومت کے سامنے رپورٹ پیش کریں گے۔موصوف چیئر پرسن نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’ہم حکومت کو رپورٹ پیش کریں گے اور اگر کچھ غلط ہوا ہے تو اس ضمن میں کارروائی کریں گے‘۔ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر پور انہدامی کارروائی کے بارے میں مرکزی وزارت داخلہ کو رپورٹ پیش کی جائے گی اور اگر کچھ غلط ہوا ہے تو کمیشن یقینی طور پر اس کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارش کرے گا۔
ملک میں مسلمانوں پر ہو رہے حملوں کے بارے میں پوچھے جانے پر سید شہزادی نے کہا کہ ملک میں سب کچھ ٹھیک ہے۔انہوں نے کہا: ’کچھ لوگ ہمارے درمیان دراڈیں پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں اس معاملے کی طرف سے کان نہیں دھرنا چاہئے بلکہ ہمیں ترقی کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہئے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’کچھ اقلیتی تنظمیں اور بیرونی طاقتیں ہمیں ایسا ہی رکھنا چاہتی ہیں وہ ہماری ترقی کے خلاف ہیں لیکن یہاں سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے‘۔
کشمیر میں اقلیتی فرقے کے لوگوں پر ہونے والے حملوں پر پوچھے جانے پر موصوف چیئر پرسن نے کہا کہ یہاں اس نوعیت کے کچھ واقعات پیش آتے ہیں لیکن انہیں ایجنڈا بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا: ’جو غلط کام کرتے ہیں انہیں سزا ملنی چاہئے خواہ وہ ہندو فرقے سے تعلق رکھتے ہوں یا مسلمان، عیسائی یا سکھ فرقوں کے لوگ ہوں‘۔ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں امن قائم کرنے کے لئے تمام مذہبوں کے لوگ اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک صرف ہندو اور مسلمانوں سے ترقی نہیں کرسکتا ہے بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام مذہبوں کے لوگوں کو کوشش کرنی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS