خواتین کی حفاظت پر قومی کانفرنس

0

نئی دہلی:(یو این آئی) بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، عوامی اور کام کی جگہوں پر خواتین کی حفاظت اور تحفظ کے موضوع پر منگل کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے۔ بیورو کی طرف سے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کانفرنس میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی پولیس اور مرکزی پولیس فورس کی خواتین افسران حصہ لے رہی ہیں۔ کانفرنس میں تقریباً 200 نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ کانفرنس کا مقصد خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پولیس میں خواتین کی حیثیت اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور و خوض کرنا ہے۔ اس میں عوامی مقامات اور کام کی جگہوں پر خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس دوران افتتاحی اور اختتامی سیشن سمیت کل پانچ سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کا افتتاح خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر اسمرتی زوبن ایرانی کریں گے اور بیورو کے ڈائریکٹر جنرل بالاجی سریواستو اور ڈائریکٹر تیجیندر سنگھ لوتھرا بھی اس سے خطاب کریں گے۔ پہلا سیشن “پولیس فورسز میں خواتین – آگے کا راستہ” کے موضوع پر ہوگا اور اس کا آپریشن سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی جوائنٹ ڈائریکٹر محترمہ سمپت مینا کریں گی۔ دوسرا سیشن “عوامی مقامات پر خواتین کی حفاظت اور تحفظ” کے عنوان پر ہوگا اور اس کا انعقاد نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی ڈپٹی انسپکٹر جنرل محترمہ کے بی وندنا کریں گی۔ تیسرا سیشن ‘کام کی جگہ پر خواتین کی حفاظت اور تحفظ’ کے عنوان پرہوگا جس کا انعقاد تلنگانہ انسداد بدعنوانی برانچ کی ڈائرکٹر محترمہ شیکھا گوئل کے ذریعہ کیا جائے گا۔
مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا اختتامی اجلاس کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ مسٹر سریواستو خطبہ استقبالیہ اور مسٹر لوتھرا کانفرنس کا خلاصہ پیش کریں گے۔
بیورو پولیس سے متعلقہ معاملات پر تحقیق، پولیس میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے اطلاق کو فروغ دینے، تربیتی پالیسیوں کی تشکیل اور ہم آہنگی، فارنسک سائنس کی ترقی کو فروغ دینے اور وزارت داخلہ کو پولیس کے کاموں اور آپریشنل معاملات پر مشورہ دینے جیسے اہم کام انجام دے رہا ہے۔ بیورو مختلف ڈویژنز اور سینٹرز آف ایکسی لینس کے ذریعے خواتین اور بچوں کی سیکورٹی اورتحفظ سے متعلق امور پر سرگرمی سے کام کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS