ممبئی:عصمت دری متاثرہ خاتون کی دردناک موت،وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کا فوری کارروائی کا وعدہ

0

ممبئی،(یواین آئی) :ممبئی کے مشرقی مضافات میں واقع ساکی ناکہ میں عصمت دری اورزیادتی کی شکار ایک خاتون نے آج اسپتال میں دم توڑ دیا جب کہ ملزم موہن چوہان (45) کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا گیاتھا۔اس کو 21 ستمبر تک پولیس تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 307 (اقدام قتل ) اور دفعہ 376 (عصمت دری) کے تحت معاملات درج کیے گئے تھے لیکن خاتون کی موت کے بعد دفعہ 302 کا اندراج کیاجاسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق ممبئی کے مضافاتی علاقہ ساکی ناکہ میں ایک خالی کھڑے ٹیمپو کے اندر عصمت دری اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بننے والی ایک 34 سالہ خاتون ہفتہ کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ اس کے نتیجہ میں 2012 کا ’نربھیا‘کیس کی بربریت کی یاد آگئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق اس کے ساتھ زیادتی کی گئی تھی اور نامعلوم چیز سے حملہ بھی کیا گیا تھا اورمبینہ طور پر خفیہ حصہ کونشانہ بنایاگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کنٹرول روم کو جمعہ کی علی الصباح فون آیا کہ ایک شخص خیرانی روڈ پر ایک عورت کی پٹائی کررہا ہے۔ بتایا گیاکہ حملہ 2:55 کے قریب ہوا اور جب عورت فٹ پاتھ پر بے ہوش ہو گئی، ملزم اسے ٹیمپو کے اندر لے گیا۔ یہ اطلاع ساکی ناکہ پولیس اسٹیشن کودی گئی تھی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور خاتون کو اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ خاتون کو سرکاری راجہ واڑی اسپتال لے جایا گیا۔ اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ اطلاع کے مطابق ایک تفتیش کار نے کہا کہ اس کا معائنہ کرنے پر ڈاکٹروں نے کہا کہ اس کے جسم پر اس کی شرمگاہ سمیت کئی مقامات پر زخم آئے ہیں۔
مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ممبئی کے ساکی ناکہ میں ایک خاتون کی عصمت دری اور قتل کو ہفتہ کو ’انسانیت پر دھبہ‘ قرار دیا اور معاملے میں فوری کارروائی کا وعدہ کیا۔ ٹھاکرے نے کہا کہ مجرم کو سخت سزا دلائی جائے گی۔ ٹھاکرے نے ایک بیان میں کہا کہ ’معاملے کی سماعت تیزی سے ہوگی اور آج دم توڑنے والی متاثرہ کو انصاف ملے گا۔‘ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ریاست کے وزیر داخلہ دلیپ والسے پاٹل اور ممبئی کے پولیس کمشنر ہیمنت ناگرالے سے معاملے پر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے حکام کو معاملے کی جانچ میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے۔‘ دریں اثنا ممبئی پولیس نے ہفتہ کے روزساکی ناکہ عصمت دری اور قتل معاملے کی جانچ کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔ ممبئی پولیس کمشنر ہیمنت ناگرالے نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کہ ایس آئی ٹی کی تشکیل کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS