ہیمنت ناگرالے ممبئی کے نئے پولیس کمشنر مقرر
ممبئی :ممبئی کے پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ کا تبادلہ ہوگیاہے۔ انہیں اب ڈی جی ہوم گارڈ کی ذمہ داری سونپی گی ہے۔ ان کی جگہ پر ہیمنت ناگرالے کو ممبئی پولیس کا نیا کمشنر مقرر کیاگیاہے۔ ریاستی وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے پرم بیر سنگھ کے تبادلے کے بارے میں جانکاری دی۔ واضح رہے کہ کاروباری مکیش امبانی کے گھر کے باہر ملی مشتبہ کارکے معاملے میں این آئی اے کی جانب سے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر کی گرفتاری کے بعد یہ فیصلہ لیاگیاہے۔ سچن باجھے کو گرفتار کئے جانے کے بعد ممبئی پولیس نے انہیں معطل کردیاہے۔ ایسے میں پرم بیر سنگھ کے تبادلے کو اسی معاملے سے جوڑ کر دیکھا جارہاہے۔ غور طلب ہے کہ سچن باجھے کو گزشتہ سال 16برسوں کے بعد معطلی ختم کرکے ممبئی پولیس میں انٹری دی گئی تھی۔ سچن باجھے کو پولیس خدمات میں واپس لانے میں پرم بیر سنگھ کااہم رول مانا جاتا ہے۔ دراصل وہ اس ریویو کمیٹی کے حصہ تھے، جس کی سفارش پر سچن باجھے کو دوبارہ سروس میں بحال کیاگیاتھا۔ ذرائع کے مطابق تبادلہ سے قبل منگل کی دیر رات پرم بیر سنگھ نے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی تھی۔ قابل غور بات یہ ہے کہ گزشتہ روز این آئی اے نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں امبانی کے گھر کے پاس پی پی ای کٹ پہنے نظر آنے والا شخص سچن باجھے ہیں۔ وہیں اس سے قبل اسکارپیو میں دھماکہ خیزمادّہ رکھنے والا شخص بعد میں، جس انووا کار میں سوار ہواتھا، وہ پرم بیر سنگھ کے آفس کے سامنے ملی تھی۔ جانچ ایجنسی اس معاملے میں پولیس افسران کے کنکشن کی تحقیقات کررہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS