راجیہ سبھا رکن ویریندر کمار کا انتقال،وزیراعظم مودی، صدر جمہوریہ سمیت کئی اہم شخصیات نے کیا اظہار تعزیت

0

نئی دہلی: راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اور مشہور ملیالم روزنامہ ’ماتربھومی‘کے منیجنگ ڈائریکٹر ایم پی ویریندر کمار کا جمعرات کی دیر رات انتقال ہوگیا۔وہ 84 برس کے تھے۔
مشہور سیاسی لیڈر اور برسراقتدار اتحاد کے اتحادی لوک تانترک جنتا دل(ایل جے ڈی)کے ریاستی صدر کمار کا شمار مشہور سماجی لیڈروں میں کیا جاتا تھا اور وہ 1987 میں اسمبلی کےلئے اور 1996 اور 2004 میں لوک سبھا کےلئے منتخب ہوئے تھے۔انہوں نے کیرالہ حکومت میں وزیر لیبر کے طورپر کام کیا اور مرکزی حکومت میں وزیر مملکت برائے لیبر اور وزیر مملکت برائے خزانہ کے طورپر اپنی خدمات انجام دیں تھیں۔
ان کی موت پر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیراعظم مودی، کانگریس لیڈر راہل گاندھی، کیرالہ کے وزیراعلی اور کئی اہم شخصیات نے اظہار تعزیت کیا۔
صدر کووند نے مائیکرو بلاگنگ نیٹ ورک ٹویٹر پر جمعہ کو لکھا ،’’راجیہ سبھا رکن اور سابق مرکزی وزیر ایم پی ویریندر کمار کے انتقال کی خبر سن کر گہرا دکھا ہوا ہے۔وہ پرعزم سماجی لیڈر تھے،جنہوں نے مشہور ملیالم روزنامہ ’ماتربھومی‘کی قیادت کرتے ہوئے صحافت اور ادبی دنیا کو بھی خوشحال بنایا۔‘‘
صدر نے آنجہانی رکن پارلیمنٹ کے گھروالوں اور خیرخواہوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نریندرمودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا،’’راجیہ سبھا رکن ایم پی ویریندر کمار جی کے انتقال سے دکھ ہوا۔انہوں نے مضبوط رکن اسمبیلی اور رکن پارلیمنٹ کے طورپر خود کو ثابت کیاتھا۔وہ غریبوں اور محروموں کےلئے آواز اٹھانے میں یقین کرتے تھے۔ان کے گھروالوں اور خیرخواہوں کےتئیں میری گہری تعزیت۔اوم شانتی۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا،’’مصنف،ماتربھومی گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور رکن پارلیمنٹ ایم پی ویریندر کمار جی کے انتقال کی خبر سن کر مجھے بہت دکھ ہوا۔ان کے گھروالوں ،ساتھیوں اور دوستوں کے تئیں میری گہری تعزیت۔‘‘
کیرالہ کے وزیر اعلی پنارائی وجین نے کمار کی موت کو جمہوری اور سیکولر تحریکوں کا بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ، وریندر کمار نے پریس کی آزادی کے بارے میں اپنے غیر سمجھوتہ موقف کے ساتھ میڈیا انڈسٹری میں "قابل قدر" کردار ادا کیا۔
ہمارے معاشرتی اور ثقافتی شعبوں میں ان کی شراکت انمول رہی۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS