میڈیا کے سوال پر اجے مشرٹینی چراغ پا مارنے کیلئے دوڑے!

0
Republic World

لکھیم پور کھیری (ایس این بی) ایسا ہے کہ بیوقوفی کا سوال نہ کرو، تم جیسے میڈیا والے چوروں نے ہی ایک بے قصور کو پھنسا دیا۔ شرم نہیں آتی ہے کتنے گندے لوگ ہیں۔ کیا جاننا چاہتے ہو؟ کیا پوچھنا چاہتے ہو؟ پوچھو! ایس آئی ٹی سے جا کر کیوں نہیں پوچھتے؟ یہ الفاظ کسی عام آدمی کے نہیں بلکہ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشر ٹینی کے ہیں جو انہوں نے صحافیوں کے ذریعہ ایک سوال پوچھنے پر کہے ہیں۔ اجے مشر ٹینی کے اس رویہ سے صحافیوں میں بے حد اشتعال ہے۔معلوم ہو کہ دو روز قبل منگل کو ہی تکونیا تشدد واقعہ کی ایس آئی ٹی رپورٹ سامنے آئی ہے، جس میں پورا واقعہ کوئی حادثہ نہیں بلکہ سازش بتایا گیا ہے۔ عدالت کی اجازت کے بعد آشیش مشر سمیت 13 ملزمان کے خلاف چند مزید دفعات کا اضافہ کیا گیا ہے۔ آج مدر چائلڈ کیئر سینٹر میں آکسیجن پلانٹ کا افتتاح کرنے گئے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشر ٹینی سے وہاں موجود صحافیوں نے ان کے بیٹے آشیش مشر سمیت تمام ملزمان کے خلاف بڑھائی گئیں دفعات کو لے کر سوال پوچھا تھا۔ سوال پوچھتے ہی اجے مشر ٹینی چراغ پا ہو گئے۔ ایک ٹی وی چینل کے صحافی کے ہاتھوں سے انہوں نے مائیک جھپٹ لیا اور فون بند کرنے کیلئے کہا۔ انہوں نے ناشائستہ لہجہ میں کہا کہ دماغ خراب ہے سا…… کا۔ پوچھو! انہوں نے پھر کہا کہ چارج شیٹ لگ گئی ہے کیا؟ ایس آئی ٹی سے پوچھو جاکے۔ تمام صحافیوں کیلئے ناشائستہ الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ میڈیا والے چوروں نے ہی ایک بے قصور کو پھنسایا ہے، شرم نہیں آتی ہے، کتنے گندے لوگ ہیں، کیا جاننا چاہتے ہو؟ ایس آئی ٹی سے نہیں پوچھتے۔ بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی، بلکہ طیش میں آکر اجے مشر ایک صحافی کے گریبان تک اپنا ہاتھ پہنچا دیتے ہیں اور اسے مارنے کیلئے دوڑتے ہیں۔ وہاں موجود کچھ لوگوں نے انہیں روکنے کی کوشش بھی کی۔ اس کے بعد وہ کافی دیر تک صحافیوں کو برا بھلا کہتے رہے۔ اجے مشر کی بدکلامی اور صحافیوں سے بدسلوکی کا یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا میں وائرل ہوگیا۔دریں اثنا مر کزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشر ٹینی کے ذریعہ صحافیوں سے بدسلوکی کے معاملے کو لے کر صحافیوں میں سخت اشتعال ہے۔ سینئر صحافی نند کمار مشرا کی قیادت میں صحافیوں نے صدر جمہوریہ کو منسوب میمورنڈم ضلع مجسٹریٹ کو دے کر اجے مشر کے خلاف معقول کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آج سینئر صحافی نند کمار مشرا کی قیادت میں صحافیوں کا وفد ضلع مجسٹریٹ سے ملا اور انہیں صدر جمہوریہ کو منسوب میمورنڈم دیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS