کانگریس کی ’بھارت بچاؤ‘ریلی میں مودی حکومت کا محاصرہ

0

نئی دہلی: دارالحکومت دہلی کے رام لیلا میدان آج کانگریس کی ’بھارت بچاؤ‘ ریلی ہوئی۔ جس میں کانگریس کے قد آور لیڈران سمیت کانگریسی کارکنان اور عوام کا جمغفیر دیکھا گیا۔ کانگریس کی ریلی میں عبوری صدر سونیا گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بھی موجود تھے۔
کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے عوام سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آج ملک کو محفوظ رکھنے کے لیے آگے آنا ہوگا۔ کیوں کہ آج ہمارے بچوں کے روزگار چھن چکے ہیں، ان کے مستقبل کے لیے ہمیں لڑنے کے لیے تیار رہنا چاہئے۔ ہمارے کسان اور مزدوروں کو آج دو وقت کی روٹی نصیب نہیں ہو رہی ہے اور چھوٹے تاجر اپنے اہل خانہ کے ساتھ خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ سونیا گاندھی نے خواتین کے مسائل پر بھی بات کی۔ انہوں نے شہریت قانون کے حوالے سے کہاکہ آج ملک کا ماحول بہت خراب ہوچکا ہے، آئین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کو شہریت قانون لانے کا جنون تھا، مگر حقیقتاً یہ بل ملک کی روح کو تباہ کرنے والا ہے۔ ہم آخری سانس تک جمہوریت اور آئین کی حفاظت کریں گے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنی تقریر میں کہاکہ میں عوام سے کہنا چاہتی ہوں کہ اگر ہم آواز نہیں اٹھائیں گے تو بابا صاحب کا انقلابی آئین تباہ ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کی معیشت ایک دور میں چین سے بھی آگے بڑھ رہی تھی، لیکن بی جے پی کی بادشاہت کے بعد روزگار کے مواقع ختم ہوچکے ہیں اور لوگوں کی نوکریاں کم ہونے لگی ہیں۔ جی ڈی پی گر چکا ہے، مہنگائی آسمان چھو رہی ہے۔  انہوں نے کہاکہ ہم ملک کو بچانے کے خواہاں ہیں، یہ ملک قومی یکجہتی اور امن و سلامتی کا ملک ہے۔ یہ ملک آزادی کی تحریک کا ہے، اوریہاں سب کے حقوق مساوی ہیں۔ تقسیم کرنے والے قانون سے ملک کو خطرہ لاحق ہے۔
ؤاس موقع پر راہل گاندھی نے مرکزی بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے پی ایم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ ’ بھائیوں اور بہنوں! میرا نام راہل ساورکر نہیں ہے، میرا نام راہل گاندھی ہے۔ مجھے پارلیمنٹ میں معافی مانگنے کے لیے کہا گیا تھا میں صحیح بات کے لیے کیوں معافی مانگوں۔ میں سچائی کے لیے کبھی معافی نہیں مانگوں گا، معافی نریندر مودی کو ملک کے عوام سے مانگنی چاہئے۔ اس ملک کی طاقت معیشت تھی۔ اور پوری دنیا ہماری طرف دیکھ کر تعجب کرتی تھی کہ 9 فیصد جی ڈی پی والا ملک مختلف مذاہب کی بنیاد پر کیسے چل رہا ہے۔ آج بھارت کی معیشت کو نریندر مودی نے تباہ و برباد کردیا ہے۔ راہل  گاندھی نے نوٹ بندی اور شہریت قانون پر بھی مرکزی حکومت کو گھیرا ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS