اے اے پی کی مقبولیت سے گھبرائی مودی حکومت:سسودیا

0
dnaindia

نئی دہلی:(یو این آئی) دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے مرکزی حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت عام آدمی پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے گھبرا گئی ہے اس لیے ان کی پارٹی کے کئی بڑے لیڈران کو وہ پھنسانے کامنصوبہ بنارہی ہے۔ مسٹر سسودیا نے ہفتہ کو کہا کہ عام آدمی پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور گراف سے بی جے پی کے اندر خوف اور بے چینی بڑھتی جارہی ہے۔ اسی وجہ سے وزیر اعظم نریندر مودی نے سی بی آئی، ای ڈی اور دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانہ کو ایک ٹاسک سونپتے ہوئے 15 لوگوں کی فہرست دی ہے اور کہا ہے کہ ان لوگوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر، جعلی چھاپے ڈال کر برباد کردیا جائے۔ اس فہرست میں عام آدمی پارٹی کے کئی بڑے لیڈروں کے نام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے پہلے بھی ان محکموں کاغلط استعمال کرکے اے اے پی کے لیڈروں کو پھنسانے کی کوشش کرچکے ہیں لیکن ہر بار نتیجہ صفر رہا اور آگے بھی ان سب سے کچھ حاصل نہیں ہونا ہے۔ وزیر اعظم جو بھی کرنا چاہتے ہیں کروالیں لیکن عام آدمی پارٹی اپنی سچائی اور ایمانداری کی سیاست پر قائم رہے گی۔ بی جے پی اپوزیشن جماعتوں کی حکومت کو گرانے، ہراساں کرنے اور ہیرا پھیری سے اپنی حکومت بنانے کے لئے ای ڈی، سی بی آئی اور دہلی پولیس جیسے برہماسترا کا استعمال کرتی رہی ہے۔
ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ وزیراعظم آئندہ انتخابات کے پیش نظر عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو جھوٹے طریقے سے پھنسانے کے لیے اپنا برہماسترا استعمال کر رہے ہیں۔ دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانہ کی مدد لے رہے ہیں۔ مسٹر سسودیا نے کہا کہ مسٹر مودی ہمیں فرضی الزامات میں پھنسانے کے لئے چاہے سی بی آئی، ای ڈی یا دہلی پولیس بھیجے ہم سب کوخوش آمدید کہتے ہیں کیونکہ ہم سچائی اور ایمانداری کی سیاست کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS