پہلی بارآمنے سامنے بات کریں گے مودی اور بائیڈن، جانیں کب ؟

0
Image: The Indian Express

نئی دہلی ، 16 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی 24 اور 25 ستمبر کو اپنے امریکہ دورے کے دوران صدر جوزف آر بائیڈن کے ساتھ آمنے سامنے پہلی باہمی دو طرفہ میٹنگ کریں گے اور ہندوستان امریکہ عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کو افغانستان اور بحیرہ ہند خطے کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر نئی سمت دینے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ مسٹر مودی امریکہ ، آسٹریلیا اور جاپان کے لیڈروں کے ساتھ کواڈ فریم ورک کی پہلی چوٹی کانفرنس اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں سیشن میں شرکت کریں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے یہاں باقاعدہ بریفنگ میں کہا کہ مسٹر مودی 24 ستمبر کو واشنگٹن میں آسٹریلیا کے وزیر اعظم سکاٹ موریسن ، جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیڈے سوگا اور امریکہ کے صدر جوزف آربائیڈن کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں پہلی کواڈ چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
جبکہ 25 ستمبر کو وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عام بحث کا موضوع ’’کووڈ وبا سے ابھرنے کی امید کے ساتھ ایک لچکدارمزاحمت تیار کرنا ‘ مسلسل تعمیر نو، زمین کی ضروریات کا خیال رکھنا ، لوگوں کے حقوق کا احترام کرنا اور اقوام متحدہ کو دوبارہ فعال بنانا ہے‘‘۔
مسٹرباغچی نے کہا کہ واشنگٹن میں مسٹر مودی امریکی صدر مسٹر بائیڈن کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کریں گے۔ مسٹر بائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد دونوں لیڈروں کے درمیان یہ پہلی بار آمنے سامنے ملاقات ہوگی۔ اس کے علاوہ وہ دوسرے کواڈ رکن ممالک جاپان اور آسٹریلیا کے وزرائے اعظم کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS