دوبئی، (یو این آئی) خواتین ہندستانی کرکٹ ٹیم کی کپتان متالی راج انگلینڈ کے خلاف حالی ہی میں اختتام پذیر ہوئی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت منگل کو جاری آئی سی سی خواتین ون ڈے رینکنگ میں پھر سے چوٹی پر پہنچ گئی ہیں۔
38سالہ متالی نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے تینوں میچوں میں بلے سے جلوہ دکھایا۔ انہوں نے پہلے ون ڈے میں 72اور دوسرے ون ڈے میں 59 رنوں کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو بالترتیب 201 اور 221کے باعزت اسکور تک پہنچایا تھا، جبکہ تیسرے اور آخری میچ میں 86گیندوں میں ناٹ آوٹ 75رن کی اننگز کی کھیل کر ٹیم کو چار وکٹ سے جیت دلائی تھی۔ اپنی اس کارکردگی کی بدولت متالی کو چار پائیدان کا فائدہ ہوا ہے ، جس سے وہ نمبر ایک پر پہنچ گئی ہیں۔ اپنے 22 سال کے کرکٹ کیریر میں متالی نے آٹھویں بار چوٹی کے مقام پر قبضہ کیا ہے ۔
ہندستانی کپتان نے انگلینڈ کے دورے کی شروعات آٹھویں نمبر پر رہتے ہوئے کی تھی لیکن 206رنوں کے ساتھ سیریز میں ٹاپ رن اسکورر رہنے سے انہیں چوٹی کا مقام حاصل کرنے میں مدد ملی۔ وہ آخری بار فروری 2018میں نمبر ایک پر آئی تھیں۔
ہندستان کی جارح اوپنر شیفالی ورما کو بھی رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے ۔ آخری دو ون ڈے مقابلوں میں 44اور 19کے اسکور کی بدولت وہ 49مقامات کے فائدے کے ساتھ 71ویں پائیدان پر پہنچ گئی ہیں جبکہ جھولن گوسوامی چار پائیدان کی چھلانگ لگاکر 53ویں نمبر پر پہنچی ہیں۔آل راونڈر دپتی شرما آخری ون ڈے میچ میں 47رن پر تین وکٹ لینے کی کارکردگی کے ساتھ ایک پائیدان کے فائدے سے آل راونڈر رینکنگ میں 12ویں نمبر پر آگئی ہیں۔
دوسری طرف انگلینڈ کی اوپنر لارین ون فیلڈ ہل آخری دو مقابلوں میں بالترتیب 42اور 36کے اسکور کے ساتھ 14پائیدان کی چھلانگ لگا کر 41ویں جبکہ صوفیا ڈنکلے نے 73اور 28کے اسکو ر کی بدولت 80پائیدان کی چھلانگ لگائی ہے اور 76ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
انگلینڈ کی لیفٹ آرم اسپنر صوفی ایکلسٹور آخری دو ون ڈے مقابلوں میں 33رن پر تین اور 36ر ن پر دو وکٹ لینے کی کارکردگی کی بدولت چار پائیدان کے فائدے کے ساتھ گیند بازی رینکنگ میں کیریر کے بہترین چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ وہیں کیٹ کراس کے دوسرے ون ڈے میں 34رن پر پانچ وکٹ لینے کی شاندار کارکردگی نے انہیں 25ویں سے 18ویں مقام پر پہنچا دیا۔نیٹ ساؤر اور سارا گلین دونوں ایک ایک پائیدان کے فائدے کے ساتھ بالترتیب 22اور 43ویں مقام پر پہنچ گئی ہیں۔
وہیں آئی سی سی کی خواتین ٹی۔20رینکنگ میں ٹی۔20کرکٹ میں 100وکٹ لینے کی کامیابی حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی بنی اسپنر ندا دار ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں اختتام پذیر تین میچوں کی ٹی۔20سیریز میں چار وکٹ لینے کی بدولت چھ پائیدا ن کے فائدے کے ساتھ گیندباز ی رینکنگ میں 15ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے لئے شملیا کارنیل 14پائیدان کی چھلانگ کے ساتھ 27ویں، جبکہ کپتان اسٹیفنی ٹیلر آخری ٹی۔20میچ میں ہیٹ ٹرک اور پورے میچ میں 17رن پر چار وکٹ لینے کی کارکردگی کی بدولت دس پائیدان کے فائدے کے ساتھ 42ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ فاطمہ ثنا نے 85پائیدان کی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 94ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ ٹی۔ 20بلے بازی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کی چیڈین نیشن 17پائیدان کے فائدے کے ساتھ 61ویں اور کسیا نائٹ 20پائیدان کے فائدے سے 71ویں پائیدان پر پہنچ گئی ہیں
متالی راج آئی سی سی خواتین ون ڈے رینکنگ میں نمبرون
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS