محبوبہ مفتی کی کشمیریوں سے بندوقیں نہ اٹھانے کی اپیل

0
image: outlookindia

سری نگر،(یو این آئی) : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی اور ایسٹ انڈیا کمپنی میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ایسٹ انڈیا کمپنی ہندوستانی شہریوں کو شک کی نظر سے دیکھتی تھی، ٹھیک اسی طرح بی جے پی بھی ملکی عوام پر شک کرتی ہے اور ان کی اسرائیلی سافٹ ویئر ’پیگاسس‘ کے ذریعہ جاسوسی کرتی ہے۔
محبوبہ مفتی نے بدھ کو یہاں اپنی جماعت کے 22 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’جس طرح ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان پر حکومت کی تھی، اسی طرح بی جے پی ملک پر حکومت کر رہی ہے۔ یہ لوگ ہر انسان پر شک کرتے ہیں۔‘ انہوں نے اسرائیلی سافٹ ویئر ’پیگاسس‘ کا نام لیے بغیر کہا کہ ’اسرائیل مشینری بناتا ہے اور بی جے پی اس کا استعمال لوگوں پر نظر رکھنے کے لئے کرتی ہے۔ یعنی بی جے پی اور ایسٹ انڈیا کمپنی میں کوئی فرق نہیں ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسٹ انڈیا کمپنی ہندوستان کے لوگوں کو شک کی نظر سے دیکھتی تھی اسی طرح بی جے پی بھی ملکی عوام کو شک کی نظر سے دیکھتی ہے ۔‘ محبوبہ مفتی نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر ہندوستان زمین پر قبضہ کرنے والے ملک چین سے بات چیت کر سکتا ہے تو پاکستان سے مذاکرات کرنے میں کیا حرج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں کہتی ہوں کرو پاکستان کے ساتھ بات چیت۔ سری نگر-مظفرآباد اور پونچھ-راولاکوٹ راستے کے ذریعہ پھر سے تجارت شروع کرو۔ کیوں نہیں کرو گے ؟‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ تو چین کے ساتھ روز بات کرتے ہو۔ وہ چین جس نے ہماری زمین پر قبضہ کیا ہے۔ آپ نہیں مانتے ہو تو میں کیا کروں؟ مگر قبضہ تو کیا ہے انہوں نے۔‘
محبوبہ مفتی نے کشمیری نوجوانوں سے بندوقیں نہ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ یہاں کے زیادہ سے زیادہ نوجوان بندوق اٹھائے تاکہ انہیں ظلم کرنے کا موقع ملے۔ اس لئے میں اپنے نوجوانوں سے گزارش کرتی ہوں کہ بندوق مت اٹھائو۔ مارے جاتے ہو اور پیچھے تمہارے ماں باپ رہ جاتے ہیں۔ آپ ہمت اور حوصلہ برقرار رکھو۔ اس وقت ہماری آواز کافی مضبوط ہے ۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ہمیں گاندھی جی سے سبق حاصل کرنا ہے۔ ہمیں لاٹھی نہیں اٹھانی ہے۔ گاندھی جی نے پرامن طریقے سے ظلم کے خلاف لڑا۔‘ محبوبہ مفتی نے گزشتہ ماہ انتقال کرنے والے حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کے فرزندان کی گرفتاری پر کہا کہ ’صحرائی صاحب جن کی حال ہی میں موت ہوئی، ان کے اور ہمارے خیالات الگ تھے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’صحرائی صاحب کے 2 بیٹوں پر پی ایس اے لگایا گیا کیونکہ کسی نے ان کے جلوس جنازہ میں نعرے لگائے تھے ۔ یہ کونسا انصاف ہے ؟‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS