مولانا سید ارشد مدنی نے خطاب میں کہا کہ موبائل فون کے غلط استعمال سے بچنے کی ضرورت

0

بنگلورو، (ایس این بی) : امیر الہند خامس منتخب ہونے کے بعدجمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی بنگلوروآمد کے موقع پر جمعیۃ علماء کرناٹک نے مدرسہ علوم الشرعیہ، سجاپورہ، بنگلورو میں ایک تہنیتی اجلاس منعقد کیا جس میں جمعیۃ علماء کرناٹک کے اراکین عاملہ، مختلف اضلاع کے صدور ونظماء اور ریاست کے مؤقر علماء کرام نے شرکت کی۔ اس خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ آج مسلمانوں کو بہآسانی گناہوں کی طرف جو شیطان لے جاتا ہے، اس کا سبب ذکر اللہ سے غفلت اختیار کرنا ہے۔ کیونکہ جو لوگ ذکر الٰہی سے غافل رہتے ہیں شیطان انہی کے پیچھے لگا رہتا ہے۔ شیطان اسی وقت دل میں وسوسہ ڈالتا ہے، جب وہ ذکر الٰہی سے غافل ہو۔ مولانا سید ارشد مدنی نے موبائل کے غلط استعمال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موبائل فون نے انسانی زندگی کا رخ ہی بدل دیا ہے۔ ہر چھوٹے بڑے کے پاس آج موبائل فون موجود ہے۔ موبائل فون نے عام آدمی کی زندگی کو تو آسان بنا دیا لیکن ضرورت کی اس چیز کے غیر ضروری استعمال نے آج ہمیں اخلاقی اور سماجی پستیوں میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے معاشرے میں فحاشی اور عریانی میں بھی غیرمعمولی حد تک اضافہ ہوا ہے۔ موبائل کے کیمرے اور انٹرنیٹ سمیت کئی دوسری چیزیں نوجوان نسل کی اخلاقی تباہی کا باعث بن رہی ہیں۔ امیر الہند نے کہا کہ آج کل موبائل فون کے فوائد سے زیادہ، اس کے نقصانات اور تباہ کاریاں ہیں۔ اس کے غلط استعمال کی کثرت کی وجہ سے وقت کی قدر و قیمت کا احساس فنا ہوگیا ہے اور وقت ضائع کرنے کا ایک نیا دور شروع ہوگیا ہے۔ لہٰذا ہمیں موبائل فون کے غلط استعمال سے بچنے کی ضرورت ہے۔
قابل ذکر ہی کہ اس موقع پر ان کے امیر الہند منتخب ہونے پر انکی خدمت میں جمعیۃ علماء کرناٹک کی جانب سے ایک تہنیت نامہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مولانا عبد الرحیم رشیدی، جنرل سکریٹری محب اللہ خان امین، نائب صدر مولانا شمیم سالک مظاہری، قاری مرتضیٰ خان، مولانا عبدالوحید مفتاحی، رکن عاملہ حافظ ایل محمد فاروق، جمعیۃ علماء بنگلور کے صدر مولانا محمد صلاح الدین قاسمی سمیت اراکین جمعیۃ علماء کرناٹک بطور خاص شریک تھے۔ مولانا سید ارشد مدنی صاحب کی دعا سے یہ خصوصی پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS