مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی کا انتقال ملت اسلامیہ کا بڑا نقصان: شمس الہدی قاسمی

0

آنندنگر مہراجگنج:(ایجنسی)،شیرِ پنجاب کے نام سے مشہور، جنگ آزادی کے مجاہد، امیر احرار اسلام ہند و شاہی امام پنجاب مولانا حبیب الرحمٰن ثانی لدھیانوی کا گزشتہ شب لدھیانہ میں انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال کی خبر سے ان کے دنیا بھر میں چاہنے والوں کو شدید جھٹکا لگا ہے۔

حافظ شجاعت فیض عام چیریٹیبل ٹرسٹ کے سکریٹری جنرل مولانا شمس الہدی قاسمی نے اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حبیب الرحمٰن ثانی لدھیانوی کو شیر اسلام، شیر پنجاب اور شاہی امام پنجاب کے نام سے جانا جاتا تھا، آپ نے مجلس احرار اسلام ہند کے ذریعے صوبۂ پنجاب میں خوب کام کیا۔ پنجاب کی درجنوں مساجد کو سکھوں اور غیر مسلموں سے بغیر لڑے جھگڑے آزاد کرایا اور انہیں آباد کیا۔ آپ پنجاب کے مسلمانوں کے لیے ایک مضبوط قلعہ کی حیثیت رکھتے تھے، پنجاب کی سرکاریں بھی آپ کا لحاظ کرتی تھیں اور آپ کی باتوں پر عمل پیرا ہوتی تھیں۔

ٹرسٹ کے چیف سپروائزر عبید الرحمٰن الحسینی نے کہا کہ مولانا حبیب الرحمٰن ثانی لدھیانوی ہندوستانی سطح پر حکومت کے ہر غلط فیصلے کے خلاف آواز اٹھانے میں پیش پیش رہتے تھے، آپ نے ہمیشہ مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج کیا، میڈیا پر مکمل بے باکی سے بیان دینا اور مسلمانوں کے حوصلوں کو بڑھانا ان ہی کی شان تھی۔

آپ کی خصوصیات میں سے ایک یہ تھی کہ آپ ہمیشہ اپنے ساتھ تلوار رکھا کرتے تھے، بیان کرنے بیٹھتے تب بھی تلوار ہاتھوں میں ہوا کرتی تھی۔آپ کا جانا ملت کے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS