نکاح آسان ہے مگر اسے غیر شرعی رسم و رواج نے مشکل بنادیا

0

نئی دہلی(محمدیامین ،ایس این بی):مصطفی آباد علاقہ میں جہیز کی لعنت کے خلاف ایک بڑی مہم کی شروعات کی گئی جس میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شامل ہو کرجہیز کی لعنت سے عوام کو اجتناب کرنے کے لئے بیدار کیا۔جہیز مخالف ریلی مصطفی آباد کا 25 فٹا مین روڈ ،نہرو وہار ،سنجے چوک سمیت بیشتر گلیوں اور سڑکوں سے ریلی نکالی گئی ۔ اس ریلی میں شامل لوگ اپنے ہاتھوں میں پوسٹر وں سے عوام کو بیدارکرکے انتباہ دے رہے تھے کہ اگر بیاہ شادیوں میں غیر شرعی رسم رواج اور جہیز کی لعنت کا خاتمہ نہ کیا گیا تو غریب طبقہ کو اپنی لڑکیوں کی شادی کرنا محال ہوجائے گا اور جس طرح پہلے زمانہ میں لڑکیوں کی پیدائش کو عیوب سمجھ کر انہیںماردی جاتی تھیں مگر حضور اقدس ﷺ کی بعیث کے بعد لڑکیوں کا جو وقارو مقام بلند ہواہے اسے برقرار رکھنے کے لئے شریعت کے تحت بیاہ شادیوں کے عمل کو انجام دینا چاہئے۔ قائد ریلی عبدالرحمن نے کہا کہ اسلام میں نکاح بہت آسان ہے مگر اسے غیر شرعی رسم و رواج نے مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہیز کسی خاص برادری کی برائی نہیں بلکہ ایک معاشرتی برائی ہے اور ملک کا ہر طبقہ اس مرض میں مبتلا ہے ، لہٰذا ملک کے تمام لوگوں کو مل کر جہیز کی لعنت کے خلاف اعلان جنگ کرنا ہوگا تبھی جہیز کی لعنت کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ اللہ نے مسلمان کو صرف اس لئے بھیجا ہے کہ وہ ساری انسانیت کو تمام برائیوں سے باز رکھے گا لیکن افسوس ہے کہ جو مسلمانوں کاعمل تھا وہ دوسرے اپناتے جارہے ہیں اور مسلم سماج غیر شرعی عمل اختیار کرنے سے نت نئے مسائل سے دوچار ہے جس کی روک تھام کا واحد راستہ شرعی احکامات پر عمل ہے ۔سماجی کارکن رضویہ،ایچ ایم ہاشم، محمد شفیق سیفی ،محمد عارف،ڈاکٹر عادل اورمحمد عمران نے بھی اپنے اظہار خیال میں جہیز کی لعنت سے اجتناب کرنے پر زور دیا ہے۔ اختتامی دعا مولانا صداقت (امام مسجد فتح الباری) نے کرائی۔اس ریلی میں مردوخواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS