مجیٹھیا پر ایف آئی آر محض انتخابی اسٹنٹ:کیجریوال

0
Tribune India

امرتسر: (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اپنے دو روزہ پنجاب دورے کے پہلے دن جمعہ کو امرتسر میں کہا کہ اکالی دل کے لیڈر بکرم مجیٹھیا کے خلاف ڈرگ معاملے میں درج ایف آئی آر محض ایک انتخابی اسٹنٹ ہے۔ اروند کیجریوال نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران کیپٹن امریندر سنگھ نے گٹکا صاحب کا حلف لے کرایک ماہ میں پنجاب کو منشیات سے پاک بنانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن پنجاب میں کانگریس کا دور ختم ہونے والا ہے اور ریاست میں منشیات ابھی بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیہاتوں میں منشیات کا رجحان پہلے سے زیادہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مجیٹھیا پر معاملہ درج کرکے وزیر اعلیٰ پنجاب کافی شور مچا رہے ہیں لیکن یہ کوئی اتنی بڑی بات نہیں ہے۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ پنجاب کو ایک مضبوط حکومت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عام آدمی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو پنجاب میں مضبوط حکومت دے کر ریاست کو منشیات اور ریت مافیا سے نجات دلائیں گے۔ سری گرو گرنتھ صاحب کی بے حرمتی کے مجرموں کو سخت سزا دی جائے گی۔ سری دربار صاحب میں ہوئی بے ادبی کے واقعہ پر مسٹر کیجریوال نے کہا کہ یہ ایک بدقسمتی کا واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات ہونی چاہئے کہ اس واقعہ کے پیچھے کون لوگ ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS