لیجنڈز لیگ کرکٹ کا تاج انڈیا کیپٹلزکے سر

0

جے پور (یو این آئی) :انڈیا کیپٹلس نے راس ٹیلر (82رنز) اور مچل جانسن (62) کی طوفانی نصف سنچریوں کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت فائنل میں بھیلواڑہ کنگز کو 104 رنوں سے شکست دے کر لیجنڈز لیگ کرکٹ کے دوسرے ایڈیشن کا خطاب جیت لیا۔ ہندوستان میں پہلی بار منعقد ہونے والی اس لیگ کی فاتح ٹیم کو 2 کروڑ روپے کا انعام دیا گیا جبکہ رنر اپ کو ایک کروڑ روپے کا انعام ملا۔ بدھ کو کھیلے گئے فائنل میں کیپٹلز نے کنگز کے سامنے 20 اوورز میں 212 رنوں کا ہدف رکھا جس کے جواب میں کنگز107 رنز ہی بنا سکی۔ کیپٹلز کے 21 رن پر چار وکٹ گرنے کے بعد ٹیلر اورجانسن نے پانچویں وکٹ کے لیے 126 رنوں کی بڑی شراکت قائم کی۔ اس کے بعد ایشلے نرس نے 19 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے ناٹ آؤٹ 42 رنز کی دھماکہ خیز اننگ کھیل کر کیپٹلز کو 211/7 کے اسکور تک پہنچا دیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کنگز کبھی بھی مقابلے میں نظر نہیں آئے ۔ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے سے کنگز کی اننگ 18.2 اوورز میں 107 رنوں پر سمٹ گئی۔ اس سے قبل کنگ نے ٹاس جیت کر کیپٹلز کو بیٹنگ کے لیے بلایا اور اپر آرڈر کے بلے بازوں کو جلد ہی پویلین بھیج دیا۔ مونٹی پنیسر (13/2) نے کپتان گوتم گمبھیر (08) اور ڈوین اسمتھ (03) کو آؤٹ کیا جبکہ راہل شرما (30/4) نے ہیملٹن مساکڈزا (01) اور دنیش رامدین (صفر) کا وکٹ نکالا۔ پانچویں نمبر پر بلے بازی کے لیے آئے ، ٹیلر نے کنگز کے خلاف مسلسل دوسری نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے جانسن کے ساتھ سنچری شراکت کی۔ جانسن نے بھی لیگ میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔ جانسن تاہم 35 گیندوں میں سات چوکے اور تین چھکے لگانے کے بعد آؤٹ ہوگئے ۔ اس دوران کپتان عرفان پٹھان نے گیند راہل کے حوالے کی جنہوں نے ٹیلر کا وکٹ حاصل کیا۔ ٹیلر نے 41 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چوکے اور آٹھ چھکے لگائے ۔ راہل یہیں نہیں رکے اور اپنے چوتھے اوور میں لیام پلنکٹ کو صفر پرآوٹ کرکے چوتھی کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد نرس نے42 رنوں کی تیزترین اننگ کھیل کر کیپٹلز کو 200 رنز سے آگے لے گئے ۔ ایک مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کنگز نے 44 رنوں کے مجموعی اسکورتک مورنے وان وِک (05)، ولیم پورٹر فیلڈ (12) اور یوسف پٹھان (06) کے وکٹ گنوادئے ۔ پون سویال نے پورٹر فیلڈ اور یوسف کو چلتا کیا جبکہ جانسن نے وِک کو پویلین بھیجا۔ شین واٹسن نے کنگز کے لئے 19 گیندوں پر تین چوکوں اورایک چھکا کی مدد سے سب سے زیادہ27 رن بنائے جبکہ جیسل کاریا نے17 گیندوں پر تین چوکا اور ایک چھکا لگاکر22 رنز جوڑے ۔ واٹسن-کاریا نے چوتھے وکٹ کے لیے 32 رنز کی شراکت داری کی، لیکن مطلوبہ رن ریٹ بڑھنے کی وجہ سے دونوں اپنا وکٹ گنوابیٹھے ، اس کے بعد کنگز کی اننگ بکھرگئی۔ واٹسن کا وکٹ79 کے اسکور پر گرنے کے بعد کنگز نے اپنے آخری پانچ وکٹوں کے بدلے صرف28 رن جوڑے اورپوری ٹیم 107 پر آل آؤٹ ہو گئی۔ کیپٹلز کی جانب سے پون سویل، پروین تامبے اور پنکج سنگھ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جانسن اور پلنکٹ کو ایک ایک کامیابی ملی۔ راس ٹیلر کو مین آف دی میچ جبکہ یوسف پٹھان کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS