سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقہ نے ٹیم انڈیا کو دی شکست

0

لکھنؤ، (یو این آئی) : سنجو سیمسن( 86ناٹ آؤٹ) اور شریاس ایر (50)کی نصف سنچریوں کے باوجود جنوبی افریقہ نے جمعرات کو بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں ہندوستان کو 9 رنز سے شکست دے دی۔یہاں ایکانا اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو 40اوور میں 250رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 240رنز ہی بنا سکی۔ڈیوڈ ملر اور ہینرک کلاسن نے 139رنز کی سنچری شراکت قائم کر کے جنوبی افریقہ کو ایک مشکل وکٹ پر مشکل اسکور تک پہنچا دیا۔ ملر نے 63گیندوں پر5 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 75رنز بنائے، جبکہ کلاسن نے 65گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 74رنز بنائے۔ سیمسن اور ائر نے ہندوستان کو اس ہدف تک لے جانے کیلئے سخت جدوجہد کی۔ سیمسن نے 63گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 86رنز بنائے ، جبکہ ایر نے 37گیندوں پر 50رنز بنائے ۔ اس کے بعد شاردول ٹھاکر نے بھی جدوجہد کرتے ہوئے 31گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 33رنز بنائے لیکن اپر آرڈر کی ناکامی کی وجہ سے ہندوستان کیلئے ہدف تک پہنچنا ناممکن ثابت ہوا۔
ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی شروعات انتہائی سست اور خراب رہی۔ اوپنرز شیکھر دھون (04)اور شبھمن گل (03)تیزی سے پویلین لوٹ گئے اور ٹیم پہلے 5 اوورز میں صرف 8 رنز ہی بنا سکی۔اس کے بعد روتوراج گائیکواڑ اور ایشان کشن نے صبر کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے تیسری وکٹ کیلئے 69گیندوں پر 40رنز کی شراکت داری کی، لیکن دونوں بلے باز 16ویں اور 17ویں اوور میں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے گئے اس سے پہلے کہ رن ریٹ بڑھ سکے ۔ رتوراج نے 42گیندوں پر 19جبکہ ایشان نے 37گیندوں پر 20رنز بنائے ۔ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی جدوجہد کی وجہ سے ہندوستان نے پہلے 20اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر صرف 76رنز بنائے۔ پانچویں نمبر پر بلے بازی کیلئے آتے ہوئے شریاس ائر نے جارحانہ انداز اپنایا اور تبریز شمسی کے 21ویں اوور میں 3 چوکے لگائے ۔ ائر اور سیمسن نے پانچویں وکٹ کیلئے 67رنز کی شراکت کے ساتھ ہندوستان کی امیدوں کو زندہ رکھا۔ائر نے 37گیندوں میں8 چوکوں کی مدد سے 50رنز بنائے لیکن رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے ۔شاردول اور سیمسن نے جنوبی افریقہ پر دباؤ ڈالنے کیلئے 93رنز کی شراکت قائم کی، جب ہندوستان کو 13اوورز میں 131رنز درکار تھے ، حالانکہ ہندوستان کی امیدیں 31گیندوں پر5چوکوں کی مدد سے 33رنز بنانے والے شاردول کی وکٹ گرنے سے دم توڑ گئیں۔جب ہندوستان کو آخری2 اووروں میں 37رنز درکار تھے تو ٹیم نے اننگز کے 39ویں اوور میں صرف سات رنز کا اضافہ کیا اور اویش خان کی وکٹ گنوا دی۔آخری اوور میں سنجو سیمسن کے3 چوکوں اور ایک چھکے کے باوجود ہندوستان 40اوورز میں 240رنز تک پہنچ سکا اور پروٹیز نے یہ میچ نو رنز سے جیت لیا۔
اس سے قبل خراب موسم کی وجہ سے میچ تقریباً دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا اور اوورز کی تعداد 40-40کر دی گئی۔کپتان شیکھر دھون نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کیلئے بلایا۔ محمد سراج نے اویش خان کے ساتھ بولنگ اٹیک کا آغاز کیا اور پچ میں موجود نمی کا بھرپور فائدہ اٹھایا، جنوبی افریقہ کے اوپنرز جانیمان ملان اور کوئنٹن ڈی کاک کو آزادانہ طور پر کھیلنے نہیں دیا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے 10 اوورز میں صرف 26رنز بنائے ، حالانکہ اس دوران اس نے کوئی وکٹ نہیں گنوائی۔ہندوستان کو پہلی کامیابی 13ویں اوور میں شاردول ٹھاکر نے دی اور ملان (22)نے مڈ وکٹ پر کھڑے شریاس ائر کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ شاردول (35/2)نے جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما کو آؤٹ کرنے کیلئے میچ میں اپنی دوسری وکٹ حاصل کی، جبکہ کلدیپ یادو نے اپنے پہلے ہی اوور میں نئے بلے باز ایڈن مارکرم کو صفر پر واپس بھیج دیا۔روی بشنوئی نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی وکٹ کے طور پر ڈی کاک (48)کو آؤٹ کیا۔110رنز پر جنوبی افریقہ کے چار بلے باز پویلین لوٹنے کے بعد ملر اور کلاسن نے برتری حاصل کی اور اننگز کی رفتار بڑھا دی۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کیلئے 17.4اوورز میں 139رنز کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی جب جنوبی افریقہ نے 40اووروں میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 249رنز بنائے ۔
مہمان ٹیم کا بڑے اسکور تک پہنچنے کی ایک وجہ ناقص فیلڈنگ بھی تھی جس کی وجہ سے ملر کو ڈیتھ اوورز میں نہ صرف تین زندگیاں ملیں بلکہ کافی رنز بھی ضائع ہوئے ۔ اننگز کے 37ویں اوور میں محمد سراج کی گیند پر رتوراج گائیکواڈ نے ملر کا کیچ چھوڑ دیا، جب کہ اگلے ہی اوور میں اویش خان کی لگاتار دو گیندوں پر سراج اور بشنوئی نے آسان کیچ چھوڑے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS