مشہور براڈ کاسٹر اور شاعر عبید صدیقی نہیں رہے

0

نئی دہلی: مشہور براڈ کاسٹر اور شاعر عبید صدیقی کا آج صبح غازی آباد کے یشودا اسپتال میں مختصر بیماری کے بعد انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 62 برس تھی۔ مغربی یو پی کے میرٹھ شہر میں پیدا ہوئے عبید صدیقی نے ابتدائی تعلیم اپنے وطن میں ہی حاصل کی، اور اعلی تعلیم کے لئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی چلے گئے، شعبہ اردو میں ایم اے میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اپنے کیریئر کا آغاز آل انڈیا ریڈیو سے کیا تھا اور وہ سری نگر اسٹیشن سے وابستہ رہے۔ 1988 میں ان کا انتخاب بی بی سی لندن کی اردو سروس کے لئے ہوا، اور 1996 تک بطور اناؤنسر اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔ لندن سے واپسی  کے بعد این ڈی ٹی وی میں شمولیت اختیار کی اور میگزین ایڈیٹر کے طور پر کام کیا۔ 2004 میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ایم سی آر سی شعبے سے بطور پروفیسر وابستہ ہوئے۔ ان کی تدفین کل صبح 10 بجے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قبرستان میں عمل میں آئے گی۔ پسماندگان میں ایک بیٹی شامل ہے۔ ان کے انتقال پر ان کے قریبی دوستوں قربان علی اور معصوم مراد آبادی نے شدید رنج و غم کا  اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ایک بہترین دوست اور صاحب طرز شاعر کھو دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS