عالمی کتاب میلہ 4 تا 12 جنوری تک ہوگا منعقد

0

نئی دہلی: نیشنل بک ٹرسٹ (این بی ٹی ) کی جانب سے28 ویں عالمی کتاب میلے کا اہتمام حسب روایت کیا جارہا ہے۔ 4 سے 12 جنوری تک
راجدھانی دہلی کے پرگتی میدان میں ہوگا کتاب میلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جس کا افتتاح انسانی وسائل اور ترقی کے وزیر رمیش
پوکھریال نشنک کریں گے۔ این بی ٹی کے صدر پروفیسر گووند پرساد شرما نے صحافیوں کو بتایا کہ اس مرتبہ میلے کی تھیم ’مہاتما
گاندھی: ادیبوں کے ادیب‘ ہوگی۔ میلے میں 600  ملکی و غیر ملکی پبلشروں کے 1300 سے زائد اسٹال  ہوں گے اور 23 ممالک
حصہ لیں گے۔ لیکن پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان وغیرہ کو  مدعو نہیں کیا گیا ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ ان ممالک کو میلے کے لئے کیوں نہیں مدعو کیا گیا، اس پر شرما نے کہاکہ ’’یہ آپ بھی جانتے ہیں کہ
انہیں کیوں  مدعو نہیں کیا گیا ہے ۔ دراصل اس کی سیاسی وجوہات ہیں‘۔ اس سال 2020 میں پیرس کتاب میلے (فرانس) میں ہندوستان
 مہمان ملک کے طور پر شامل ہوگا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ ہر سال میلے میں کسی نہ کسی ملک کو مہمان ملک کے طور پر شامل کیا
جاتا رہا ہے، لیکن اس بار کسی بھی ملک کو مہمان ملک نہیں بنایا گیا ہے، ٹرسٹ کے صدر نے کہا کہ  پرگتی میدان میں تعمیراتی کاموں
کے سبب انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑے، اس لئے کسی مہمان ملک کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔  پریس کانفرنس میں این بی ٹی کی
ڈائریکٹر  نیرا جین، آئی ٹي پي او (انڈین  ٹریڈ پروموشن تنظیم) کے ایگزیکٹو چیئرمین راجیش اگروال اور انسانی وسائل کی ترقی کی
وزارت میں ایڈیشنل  ڈائریکٹر مدن موہن بھی موجود تھے۔
پرساد شرما نے بتایا کہ مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش کے  سال کے پیش نظر میلے میں گاندھی پویلین تیار کیا گیا ہے، جس
میں مہاتما گاندھی کی  لکھی ہوئی  کتابوں کے علاوہ ان پر مختلف ہندوستانی زبانوں میں لکھی گئی 500 کتابوں کی نمائش بھی لگائی
جائے گی۔ گجرات میں احمد آباد کے سابرمتی آشرم سے ترغیب پاکر  اور خاص طور پر ڈیزائن کیے گئے اس پویلین  میں ہندوستانی
زبانوں کے 100 پبلشروں  کی 500 کتابوں کی ایک خصوصی نمائش بھی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ نے گزشتہ سال گاندھی جی
پر چھ سات کتابیں شائع کی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS