کھرگے بنائے گئے ’انڈیا‘ کے صدر،کنوینرپر نہیں بنی بات، بھارت جوڑو نیائے یاترا کے لئے پارٹیوں کو دعوت

0

نئی دہلی (ایس این بی): کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے کو اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کی ورچوئل میٹنگ میں اتحاد کا صدر منتخب کرلیاگیا۔ اتحاد کا صدر منتخب ہونے کے بعد کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے مبارکباد دی اور اسے ریاست کے لیے قابل فخر قرار دیا۔ دوسری طرف میٹنگ میں کنوینر کے لیے نتیش کمار کا نام تجویز کیا گیا جسے انہوں نے مسترد کردیا، جبکہ گزشتہ کئی دنوں سے جے ڈی یو لیڈر نتیش کمار کو اتحاد کا کنوینر بنانے کا مطالبہ کر رہے تھے اور آج جب انہیں اس کی پیش کش کی گئی تو اسے ٹھکرا دیا۔

جانکاری کے مطابق نتیش کمار نے کہا کہ صرف کانگریس لیڈر کو یہ عہدہ ملنا چاہیے۔بہار حکومت کے وزیر سنجے جھا کا کہنا ہے کہ نتیش کمار ہمیشہ اتحاد میں متحدرہنے کی بات کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے تنظیم میں کوئی عہدہ نہیں لیا ہے۔ انہوں نے اس کی بھی تصدیق کی نتیش کمار نے پیش کش مسترد کردی ہے۔میٹنگ میں نتیش نے کہا کہ مجھے عہدے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہم متحد رہیں اور نچلی سطح پر کام کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نتیش کمار کا کوکنوینر کا عہدہ مسترد کرنا وزیراعظم کے عہدے کیلئے ان کی امیدواری کا ایک اور دعویٰ ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر بالواسطہ طور پر کانگریس کے سامنے یہ مطالبہ رکھا ہے۔ نتیش کمارکے انکار کے بعد کنوینر کی تقرری نہ کرنے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کل سے،تھیم سانگ جاری

میٹنگ کے بعد پنے میں شرد پوار نے کہاکہ کنوینر کی تقرری کو لے کر انڈیا بلاک کے ممبران میں کوئی تنازع نہیں ہے اور اب اتحاد میں کسی کو بھی کنوینر نہیں بنایا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS