کشمیر: ٹھٹھرتی سردیوں کے بیچ برف باری کی پیش گوئی

    0

    سری نگر: وادی کشمیر میں جاری ٹھٹھرتی سردیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے برف باری کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔
    متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں 31 جنوری تک موسم خشک رہ سکتا ہے لیکن 2 اور 3 فروری کو ہلکے درجے کی برف باری متوقع ہے۔
    انہوں نے بتایا کہ وادی میں جاری سردیوں کی شدت میں یکم فروری سے کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔
    دریں اثنا وادی کشمیر میں جمعرات کے روز بھی اگرچہ موسم خشک رہا لیکن شبانہ سردیوں کے زور سے لوگ رات بھر ٹھٹھرتے رہے۔
    محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری  نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری ہی ریکارڈ ہوا تھا۔
    بتادیں کہ سری نگر میں 14 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب شبانہ درجہ حرارت منفی 8.4 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
    وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
    سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
    لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں منفی 21.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں منفی 28.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
    قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کی حکومت ہفتے کے روز اختتام پذہر ہوگی اور اس کے بعد 20 روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوگا تاہم چلہ خورد میں سردیوں کے زور میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS