کشمیر: خشک موسم کے بیچ شدید سردی سے لوگ مشکلات کے بھنور میں

    0

    سری نگر: وادی کشمیر میں اگرچہ موسم خشک ہی نہیں بلکہ دھوپ بھی کھلی رہتی ہے لیکن شبانہ درجہ حرارت میں ریکارڈ توڑ تنزلی سے سردی کی شدت میں ہو رہے اضافے نے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
    وادی میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے جہاں شہرہ آفاق جھیل ڈل سمیت آبی ذخائرجزوی طور پر منجمد پائے جاتے ہیں وہیں پینے کا پانی سپلائی کرنے والے نل بھی دوران شب ہی جم جاتے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کو صبح کے وقت وضو کرنے کے لئے بھی پانی میسر نہیں ہوتا ہے۔
    ادھر جہاں وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر-لیہہ شاہراہ پر ٹریفک دوبارہ بند ہے وہیں جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر بھی اتوار کو مسلسل زائد از ایک ہفتے سے ٹریفک بند ہے۔
    تاہم وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر-جموں قومی شاہراہ پر اتوار کو چودہ گھنٹوں کے بعد ٹریفک بحال کر دیا گیا۔
    محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں ماہ رواں کی 26 تاریخ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
    وادی کشمیر میں اتوار کے روز بھی موسم خشک بھی رہا اور دن بھر کمزور ہی سہی دھوپ بھی چھائی رہی جس سے لوگوں کو شبانہ سردی کی شدت سے قدرے راحت نصیب ہوئی۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS