حزب المجاہدین کو دھچکے پہ دھچکہ، چند ہی گھنٹوں میں نو جنگجو جاں بحق

    0

    سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
    جنوبی کشمیر میں فوج نے چند گھنٹوں کے اندر اندر حزب المجاہدین کے نو جنگجوؤں کو مار گرا کر رواں سال میں ابھی تک مارے جاچکے جنگجوؤں کی گنتی کو سو کے قریب پہنچادیا ہے۔ پے در پے ہورہی چھاپہ ماری کی وجہ سے جموں کشمیر میں سرگرم سب سے بڑی جنگجو تنظیم حزب المجاہدین کو زبردست دھچکہ پہنچا ہے۔
    سرینگر میں مقیم ایک فوجی ترجمان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں گئے روز پانچ جنگجوؤں کے مارے جانے کے چند ہی گھنٹوں بعد اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں مزید چار جنگجوؤں کو مار گرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں میں فوج یا دیگر سرکاری فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ تازہ کارروائی کے بعد رواں سال میں مارے جاچکے جنگجوؤں کی کُل تعداد 93 ہوگئی ہے ۔
    ذرائع کا کہنا ہے کہ شوپیاں کے ایک گاؤں میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق اطلاع ملنے پر فوج،سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولس نے یہاں کا محاصرہ کرکے جنگجوؤں کی عارضی کمین گاہ پر چھاپہ مارا اور پھر چند گھنٹوں تک شدید فائرنگ کرنے کے بعد چار جنگجوؤں کو مار گرایا۔یہ واقعہ شوپیاں کے ہی پنجورہ نامی گاؤں میں پانچ جنگجوؤں کے مارے جانے کے چند ہی گھنٹوں کے بعد پیش آیا ہے۔دو الگ الگ کارروائیوں میں مارے جاچکے نو کے نو جنگجو حزب المجاہدین سے وابستہ تھے جسکے آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکو اور اُنکے نائب جنید صحرائی کو فوج نے گئے ماہ الگ الگ کارروائیوں میں مار گرایا تھا۔
    فوجی ذڑائع کا کہنا ہے کہ حزب المجاہدین اور لشکرِ طیبہ کے خلاف آپریشن تیز کیا گیا ہے اور ان دونوں تنظیموں کو دھچکے پہ دھچکہ پہنچایا جارہا ہے۔ فوج کو گذشتہ ماہ حد بندی لکیر کے کیرن سیکٹر میں پانچ جوانوں اور پھر ہندوارہ علاقہ میں ایک کرنل اور ایک میجر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا تاہم حالیہ دنوں میں سرکاری فورسز کا پلڑا پوری طرح بھاری رہا ہے اور جنگجوؤں کے شدید جانی نقصان کے مقابلے میں فورسز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS