جنوبی کشمیر میں مزید تین جنگجو جاں بحق،حادثاتی دھماکے میں چھ بچوں سمیت سات زخمی

    0

    سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
    جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں سوموار کی صبح کو فوج نے ایک چھاپہ مار کارروائی میں تین جنگجوؤں کو مار گرایا جبکہ جائے واردات پر بعدازاں ایک حادثاتی دھماکے میں چھ بچوں سمیت سات افراد خمی ہوگئے ہیں۔
    لورمنڈا کولگام قاضی گنڈ میں سوموار کی صبح کو فوج،پولس اور فورسز کی دیگر ایجنسیوں نے ایک مکان کو اس اطلاع کی بنا پر گھیرے میں لیا تھا کہ یہاں جنگجوؤں کا ایک گروہ موجود ہے۔اس موقع پر جانبین میں زبردست جھڑپ ہوئی جو تین جنگجوؤں کے مارے جانے پر منتج ہوئی جبکہ سرکاری فورسز نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے اس مکان کو زمین بوس کردیا۔
    معلوم ہوا ہے کہ جھڑپ ختم ہونے پر جب سرکاری فورسز یہاں سے چلی گئیں تو کچھ لوگ مکان کے ملبے کا جائزہ لینے کیلئے جمع ہوگئے جن میں مقامی بچے بھی شامل تھے۔ اسی اثنا میں یہاں ایک پُراسرار دھماکہ ہوا اور کئی لوگ خون میں لت پت ہوکر گر پڑے جنہیں فوری طور نزدیکی اسپتالوں کو لیجایا گیا۔ ایک پولس افسر نے بتایا کہ زخمیوں کا علاج ہوا رہا ہے تاہم ان میں سے بیشتر کی حالت خطرے سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے چھ بچے ہیں جن میں سے ایک کو علاج کیلئے سرینگر کے صدر اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔
    اندازہ ہے کہ یہ دھماکہ کسی ایسی بارودی شئے،گرنیڈ وغیرہ، سے ہوا ہے کہ جو جھڑپ کے دوران پھٹنے سے رہ گئی ہو۔کشمیر میں یہ اپنی نوعیت کا کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی سرکاری فورسز اور جنگجوؤں کے بیچ ہوتی آئی جھڑپوں کے ما بعد ملبے میں سے دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے نہ صرف لوگ زخمی ہوتے رہے ہیں بلکہ ایسے حادثات میں کئی لوگوں کی جان تک چلی گئی ہے جن میں کئی بچے شامل ہیں۔واضح رہے کہ سرکاری فورسز  علیٰحدگی پسند جنگجوؤں کو کسی مکان میں گھیر کر پھر مارٹر گولوں سے اس مکان کو زمین بوس کرتے ہیں اور بعض اوقات کئی گولے پھٹنے سے رہ کر عام لوگوں کیلئے وبالِ جان بنتے ہیں۔ تاہم پولس کی جانب سے کئی بار یہ انتہاہی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ عام لوگوں کو جائے جھڑپ کے قریب جانے سے احتراز کرنا چاہیئے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS