کنگنارنوت کوعدالت میں پیش ہونے کا حکم

0
News Nation

بھٹنڈا (ایجنسیاں) : ہتک عزت معاملے میں بالی ووڈ اداکارہ کنگنارنوت کو 19اپریل کو بھٹنڈا ضلع عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیاگیاہے۔کسان تحریک کے دوران کنگنا نے اپنے ٹوئٹ میں بزرگ خاتون کسان کو 100-100 روپے لے کر دھرنے میں شامل ہونے والی بات کہی تھی، جس کے خلاف خاتون کسان مہندرکور نے عدالت میں کیس دائر کردیاتھا۔ ضلع کے گاؤں بہادرگڑھ جنڈیا کی رہنے والی 87سالہ خاتون کسان مہندرکور نے ضلع عدالت میں کنگنا کے خلاف ہتک عزت کا کیس دائر کیاہے۔ اس کیس میں ضلع عدالت میں بدھ کو سماعت ہوئی۔ بزرگ مہیلا کے وکیل رگھوویر سنگھ بہنیوال نے بتایا کہ اس معاملے میں 4جنوری 2021کو کورٹ میں کیس دائر کیاتھا، جس کی تقریباً 13مہینے سماعت چلی۔ اب کورٹ نے کنگنا کو سمن جاری کردیاہے۔ عدالت نے کنگنا کو 18اپریل 2022کو کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیاہے۔ کنگنا نے کسان تحریک میں شامل بزرگ خاتون کسان مہندرکور کو بلقیس بانو سمجھ لیاتھا، جو شاہین باغ میں سی اے اے مخالف مظاہرہ کا چہرہ رہی تھیں۔ مہندرکور نے کہاکہ کنگنا نے ان کا موازنہ کسی دوسری خاتون سے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کنگنا کے ٹوئٹ سے انہیں ذہنی پریشانی ہوئی۔ کنبہ کے ارکان، رشتے داروں، پڑوسیوں، گاؤں والوں اور عام لوگوں کے درمیان ان کی شبیہ کو ٹھیس پہنچی ہے۔ اس واقعہ کے بعد پنجاب بھر میں کنگنا کی مخالفت شروع ہوگئی تھی۔اس سے قبل کنگنارنوت کوکسانوں نے شری کرت پور صاحب میں گھیر لیا تھا، جہاں ان کے اسی تبصرہ کی مخالفت کی گئی تھی۔ کنگنا نے وہاں کہا تھا کہ انہوں نے شاہین باغ مظاہرہ کیلئے یہ بات کہی تھی۔ حالانکہ کنگنا نے معافی مانگنے سے انکار کردیاتھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS