نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے رام مندر کی پران پرتشٹھا کو لے کر اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ رام مندر کی افتتاحی تقریب میں نہیں جا رہے ہیں۔ اس کے پیچھے کی وجہ بتاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ’22 جنوری کا پروگرام ایک سیاسی پروگرام ہے۔ ہم تمام مذاہب کے ساتھ ہیں۔ میں مذہب کا فائدہ نہیں اٹھانا چاہتا۔ مجھے اس میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ مجھے اپنی قمیض پر اپنا مذہب پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔ البتہ جو وہاں جانا چاہے جا سکتا ہے۔ لیکن ہم اس دن وہاں نہیں جائیں گے۔ ہماری پارٹی سے بھی کوئی وہاں جا سکتا ہے۔ لیکن ہم سیاسی تقریبات میں نہیں جائیں گے۔ راہل گاندھی نے یہ باتیں ناگالینڈ کے کوہیما شہر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
راہل گاندھی نے مزید کہا ‘میرا خیال یہ ہے کہ جو مذہب کو سچا مانتا ہے اس کا اس سے ذاتی تعلق ہوتا ہے۔ میں اپنی زندگی دین کے اصولوں کے مطابق گزارنے کی کوشش کرتا ہوں۔ میں لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک کرتا ہوں اور ان کا احترام کرتا ہوں۔ میں نفرت نہیں پھیلاتا۔
آر ایس ایس اور بی جے پی نے 22 جنوری کے پروگرام کو نریندر مودی کا سیاسی پروگرام بنا دیا ہے۔ یہ سنگھ اور بی جے پی کا پروگرام بن گیا ہے۔ اس لیے کانگریس صدر نے کہا ہے کہ وہ پروگرام میں نہیں جائیں گے۔ ہم ان لوگوں میں سے ہیں جو تمام مذاہب کو مانتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں۔ ہندو مذہب کے بڑے بڑے رہنماؤں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اسے سیاسی پروگرام بھی کہا ہے۔
مزید پڑھیں:سپریم کورٹ نے متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد کی سروے پر عبوری روک لگائی، ہندو فریق سے جواب طلب
معلوم ہوکہ راہل ان دنوں بھارت جوڑو نیائے یاترا پر ہیں۔ ان کا یہ سفر منی پور سے شروع ہوا، اس وقت ناگالینڈ میں ہے۔