بارہمولہ میں بی جے پی لیڈر کو اغوا کر لیا گیا

    0

    شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر اور میونسپل کمیٹی وترگام سوپور کے وائس چیئرمین معراج الدین ملہ کو اغوا کر لیا ہے۔
    بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف احمد ٹھاکر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ معراج الدین ملہ، جو میونسپل کمیٹی وترگام سوپور کے وائس چیئرمین اور بی جے پی حلقہ انتخاب رفیع آباد کے یوتھ نائب صدر ہیں، کو بدھ کی صبح نامعلوم افراد نے اغوا کیا۔
    انہوں نے کہا: 'معراج الدین صبح نو بجے سڑک پر تھے۔ اس دوران ایک گاڑی آئی اور اس میں سوار افراد نے انہیں اغوا کیا۔ ان سے ان کا فون چھین کر گاڑی سے باہر پھینکا گیا ہے'۔
    مقامی خبر رساں ایجنسی نے ایک پولیس افسر کے حوالے سے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی وترگام سوپور کے نائب صدر معراج الدین ملہ ولد غلام احمد ملہ ساکنہ مرازی گنڈ بدھ کی صبح ایک دوست سے ملنے پیدل جا رہے تھے کہ ایک سینٹرو گاڑی میں سوار نامعلوم افراد نے گاڑی روکی اور انہیں اپنے ساتھ لیکر چلتے بنے۔
    انہوں نے کہا ہے کہ معراج الدین کو ڈھونڈنے کی کارروائی شروع کی گئی ہے اور کچھ جگہوں پر ناکے بٹھائے گئے ہیں۔
    جب مذکورہ افسر سے پوچھا گیا کہ 'کیا اغوا کرنے والے افراد مسلح تھے' تو ان کا کہنا تھا: 'تحقیقات جاری ہے۔ فی الوقت ہم انہیں تلاشنے میں مصروف ہیں'۔
    بارہمولہ میں بی جے پی لیڈر کے اغوا کا واقعہ پڑوسی ضلع بانڈی پورہ میں پارٹی کے لیڈر وسیم باری، ان کے والد اور بھائی کی ہلاکت کے ایک ہفتے بعد پیش آیا ہے۔
    قصبہ بانڈی پورہ میں 8 جولائی کی شام کو جنگجوؤں نے بی جے پی کے ضلع صدر شیخ وسیم باری، ان کے والد بشیر احمد اور بھائی عمر بشیر پر گولیاں برسائی تھیں جس کے نتیجے میں ان تینوں کی موت واقع ہوئی تھی۔
    وادی کشمیر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران اور کارکنوں کی شکایت ہے کہ انہیں سیکورٹی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ بعض کی یہ بھی شکایت ہے کہ ان کے ساتھ سیکورٹی اہلکار مامور تھے لیکن پی ڈی پی – بی جے پی اتحاد ختم ہونے کے بعد ان سے یہ سیکورٹی واپس لی گئی۔
    بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو، جنہوں نے اتوار کو قصبہ بانڈی پورہ میں مہلوک بی جے پی لیڈر کے گھر والوں سے ملاقات کی، نے اس موقع پر انتظامیہ سے بی جے پی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ 

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS