جموں کشمیر: پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری، ایک فوجی اہلکار ہلاک دو زخمی

    0

    جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کیرنی سیکٹر پر پاکستانی فوج کی فائرنگ میں سرحد کے اس پار ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو زخمی ہوگئے ہیں۔
    سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں ایل او سی کے کیرنی سیکٹر پر پاکستانی فوج کی طرف سے اتوار کی علی الصبح قریب پانچ بجکر 30 منٹ پر بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔
    انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے 10 آسام رجمنٹ سے وابستہ سپاہی لوانگمبوئی ابونمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ دیگر دو کو ائرلفٹ کرکے ادھم پورہ میں واقع فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
    انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج نے بھی پاکستانی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔
    ادھر شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایل او سی کے بونیار اوڑی سیکٹر پر بھی اتوار کی صبح ہند و پاک کی افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تاہم اس میں جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
    سرکاری ذرائع کے مطابق بونیار اوڑی سیکٹر پر اتوار کی صبح قریب نو بجے پاکستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کا بھارتی فوج کی چوکیوں میں تعینات اہلکاروں نے موثر اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔
    قابل ذکر ہے کہ ایل او سی ہو یا بین الاقوامی سرحد ہو طرفین کے درمیان روزانہ بنیادوں پر ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ کر فائرنگ اور گولہ باری کے تبادلے کا ایک لامتناہی سلسلہ جاری ہے۔
    سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے ہونے اور گذشتہ کئی ماہ سے عالمی وبا کے قہر کے باوجود بھی طرفین کے درمیان سرحد پر نوک جھونک کی وجہ سے آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا مزید مشکل  ہو گیا ہے۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS