جموں و کشمیر: پونچھ میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز درمیان جھڑپ آٹھویں روز بھی جاری

0
image:www.ibtimes.co.in

جموں: (یو این آئی) جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر جنگلوں میں چھپے جنگجوؤں کے ایک گروپ اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ پیر کو طلوع فجر کے ساتھ ہی بحال ہو کرآٹھویں روز میں داخل ہوگیا۔
بتادیں کہ پونچھ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان 11 اکتوبر سے جاری جھڑپوں میں اب تک ایک جے سی او سمیت نو فوجی جوان جان بحق ہوئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ تین سے چار جنگجوؤں کا ایک گروپ سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مصروف ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے پیرا کمانڈوز کے ساتھ مینڈھر کے نار خاص جنگل میں چھپے ان جنگجوؤں کی تلاش کے لئے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن پہلے ہی شروع کر دیا ہے اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے ہیلی کاپٹروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگجو گھنے جنگل میں چھپے ہوئے ہیں اور وہ وقفے وقفے سے فائرنگ کر رہے ہیں جس کا بھر پور جواب دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج نے دو افراد کو ان جنگجوؤں کو منطقی سپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹلی جنس اطلاعات کی بنیادں پر تلاشی آپریشن کے دوران دو افراد کو ان بھاری ہتھیاروں سے لیس جنگجوؤں کو غذا و دیگر سپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بتادیں کہ نار خاص جنگلوں میں چھپے ان جنگجوؤں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہفتے کے روز پیرا کمانڈوز کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔ دریں اثنا ضلع ہیڈ کوارٹر پونچھ کو راجوری اور جموں کے ساتھ جوڑنے والی قومی شاہراہ کو بھمبر گلی اور جرن ولی گلی کے مقامات پر اتوار تک بند رہنے کے بعد پیر کے روز جزوی طور ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے کھول دیا گیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS