جامعہ ملیہ: بی ڈی ایس طلبا کا داخلہ رد کرنے پر جواب طلب

0

نئی دہلی (ایس این بی) :ہائی کورٹ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بی ڈی ایس کورس میں داخلہ لینے والے طلبا کے اندراج کی منسوخی کے معاملے میں سینٹرل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز سے جواب طلب کیا ہے۔ ان طلبا کو NEET-2021 میں کوالیفائی کرنے کے بعد داخلہ دیا گیا تھا۔ جسٹس ریکھا پلی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سے پوچھا ہے کہ جب 4 فروری کو ہی تکنیکی خرابی کا پتہ چلا تو اس نے طلبا کے داخلے کو منسوخ کرنے کے لیے 16 مارچ تک کیوں انتظار کیا۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سے اس معاملے پر ایک ہفتہ میں جواب دینے کے لیے کہا ہے اور معاملہ سماعت 12 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔
سماعت کے دوران جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کونسلنگ، داخلہ سے متعلق تکنیکی خامیوں کی معلومات ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کے تحت کام کرنے والی میڈیکل کونسلنگ کمیٹی کو بھیج دی گئی ہیں۔ ہدیٰ انصاری اور نور خالد نے ایک عرضی دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے میڈیکل کونسلنگ کمیٹی کے 16 مارچ کے حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس میں کمیٹی نے پہلے اور دوسرے مرحلے کی کونسلنگ کے ذریعہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بی ڈی ایس کورس میں داخلہ دیا تھا۔ 29 طلبا کے داخلے کالعدم قرار دیے گئے۔
بعد ازاں 29 میں سے 15 طلبا کو دوبارہ داخلہ دیا گیا جبکہ 14 طلبا کو کہیں بھی داخلہ نہیں ملا۔ ایڈووکیٹ حیدر نے عدالت کو بتایا کہ میڈیکل کونسلنگ کمیٹی کے اس فیصلے نے ان طلبا کا کیرئیر داؤ پر لگا دیا ہے۔ 16 مارچ کو جاری کردہ حکم میں کمیٹی نے تکنیکی خرابی کی وجہ سے صرف جامعہ کے ڈینٹل کورسز میں داخلہ لینے والے طلبا کا داخلہ منسوخ کر دیا ہے جبکہ یہ کونسلنگ کل ہند سطح پر کی گئی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS