جالندھر : پنجاب نیشنل بینک میں تقریباً 17 لاکھ کی ڈکیتی

0
deccanchronicle

جالندھر: (یو این آئی) پنجاب کے جالندھر میں بدھ کو چار مسلح بدمعاشوں نے گرین ماڈل ٹاؤن میں واقع پنجاب نیشنل بینک کے ملازمین کو یرغمال بنا لیا اور تقریباً 17 لاکھ روپے (16 لاکھ 93 ہزار) کی لوٹ مار کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔
پولیس نے جوائنٹ کمشنر آف پولیس دیپک پاریکھ کی قیادت میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صبح گرین ماڈل ٹاؤن میں واقع انوسینٹ ہارٹ اسکول کے قریب واقع بینک میں گھس کر چار مسلح بدمعاشوں نے کیشیئر دیپک جوشی سے گن پوائنٹ پر 16 لاکھ 93 ہزار روپے لوٹ لیے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈاکو پیدل ہی بینک پہنچے تھے۔ انہوں نے اپنی جیکٹ میں تیز دھار ہتھیار چھپا رکھے تھے۔ ڈاکوؤں میں سے ایک کے پاس دیسی پستول بھی تھا۔ انہوں نے بینک کے تمام ملازمین کو لاکر روم میں بند کر دیا اور کیشئر پر قابو پا کر تقریباً 45 منٹ تک بینک میں ڈکیتی کی واردات کو انجام دیا۔ واقعے کے بعد تھانہ ڈویژن 6 کی پولیس اور فارنسک ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ پولیس آس پاس لگےسی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ریاست میں بینک ڈکیتی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھی گڑھا روڈ کے نجی گولڈ لون آفس میں مسلح ڈاکو ڈھائی کروڑ کی ڈکیتی کی واردات کر چکے ہیں۔ ترن تارن میں ڈاکو ایچ ڈی ایف سی بینک میں گھس کر 50 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ جہاں دو ڈاکو صرف ڈیڑھ منٹ میں 50 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اکتوبر 2020 میں، چار مسلح ڈاکو آدم پور میں یو سی او بینک میں داخل ہوئے اور ڈکیتی کی واردات کی۔ انہوں نے گارڈ کو قتل کرنے کے بعد چھ لاکھ روپے لوٹ لئے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS