جہانگیرپوری تشدد کیس سیشن کورٹ کے سپرد

0

نئی دہلی (ایس این بی) : روہنی کورٹ کی چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ (سی ایم ایم) کی عدالت نے جہانگیرپوری تشدد کیس کو مزید سماعت کے لیے سیشن کورٹ کے سپردکر دیا ہے اور دیگر قانونی ضابطوں کو مکمل کرنے کے بعد۔ سی ایم ایم دیپیکا سنگھ نے اس کیس سے متعلق فائل ڈسٹرکٹ جج کو بھیجی اور اگلی سماعت کے لیے 22 اگست کی تاریخ مقرر کی۔ یہ معاملہ 16 اپریل کو ہنومان جینتی کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران ہوئے تشدد سے متعلق ہے۔سی ایم ایم نے 28 جولائی کو اس معاملے میں چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے 14 جولائی کو چارج شیٹ داخل کی تھی۔ اس معاملے میں اب تک 37 افرادکو گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ 45 لوگوں کو ملزم بنایا گیا ہے۔ 6 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ اس کیس سے متعلق 2 نابالغوں کے کیس جوینائل کورٹ میں چلیں گے۔ اس معاملے میں 3 ملزمان کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔ کچھ مفرور ملزمان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیے گئے ہیں۔ پولیس نے اس کیس میں محمد انصار اور تبریز انصاری کو اہم سازش کاروں کے طور پر نامزد کیا ہے، جبکہ تیسرے اہم سازشی کا نام اسرافیل ہے۔ وہ ابھی تک پولیس کی گرفت میں نہیں آیا۔چارج شیٹ کے مطابق ملزم نے 10 اپریل کو ہی 16 اپریل کو ہنومان جینتی کے موقع پر تشدد بھڑکانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ منصوبے کے تحت کچھ چھتوں پر اینٹیں اور بوتلیں رکھی گئی تھیں۔ گرفتار ملزمان سے ہنگامہ آرائی میں استعمال ہونے والی 15 تلواریں اور پستول بھی برآمد ہوئے ہیں۔ تمام ملزمان کے خلاف دفعہ 186، 353، 332، 323، 436، 109، 147، 148، 149، 307، 427، 120B، 34 اور آئی پی سی کے آرمس ایکٹ کے تحت چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS