اچھا کام کرنے والی این جی اوزپر لگام کسنا غیر منصفانہ:اپوزیشن

0

نئی دہلی(یو این آئی) لوک سبھا میں حزب اختلاف کی پارٹیوں نے 'غیر ملکی چندہ (ریگولیشن) ترمیمی بل 2020' کواچھا کام کرنے والی رضاکار تنظیموں کے کام میں حکومت کے ذریعہ رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے کاموں پر لگام کسنے کے لیے سخت قوانین بنانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کانگریس کے اے کے انٹونی نے پیر کے روز اس بل پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو نوٹ بندی کے باعث کئی طرح کے بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کے بعد بہت ساری پریشانیاں آئی ہیں، جن کی وجہ سے ملک کی حالت بدلی ہوئی ہے ۔ اس قانون کے نفاذ سے ملک میں 1.40 لاکھ افراد کے متاثر ہونے کی امید ہے ۔ ہزاروں افراد کو اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑے گا، اس لیے حکومت کو غیر ملکی چندہ لانے کی اجازت دینی چاہئے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کا مقصد اس بل کے ذریعے اقلیتوں کو نشانہ بنانا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس بل کے ذریعے اچھے کام کرنے والی این جی او پر لگام لگانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ غیر سرکاری تنظیموں کو ملک میں اچھے کام کرنے کی اجازت دیں، لیکن وہ انہیں الٹا لائسنس راج میں پھنسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ این جی او کے ذریعہ ملک میں غربت کے خاتمے ، تعلیم کو عام کرنے کے لئے کام کیا جاتا ہے ، لیکن حکومت اس بارے میں کچھ سوچے بغیر اس بل لائی ہے ۔ کانگریس کے گورو گوگوئی نے اس بل کو قائمہ کمیٹی کے پاس بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کورونا وائرس جیسے بحران سے دوچار ہے اور حکومت کو اس پر جلد بازی نہیں کی جانی چاہئے اور ممبروں کے جذبات کا خیال رکھنا چاہئے اور اسے پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جانا چاہئے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ستیہ پال سنگھ نے اس بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بہت ساری غیر سرکاری تنظیمیں بیرون ملک سے آنے والی رقم کا غلط استعمال کر رہی ہیں اور ان کے اہلکار لگژری گاڑیوں میں گھوم رہے ہیں اور پرتعیش بنگلے بنا رہے ہیں۔ یہ رقم اس علاقے میں خرچ نہیں کی جارہی ہے جہاں اسے استعمال کرنا چاہئے تھا۔ حکومت کا مقصد اس رقم کے غلط استعمال کو روکنا ہے ، اس لیے اس نے یہ ترمیمی بل لایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2010 سے لے کر 2019 تک، 19 ہزار سے زیادہ غیر سرکاری تنظیمیں بیرون ملک سے موصول ہونے والی رقم کا استعمال نہیں کر رہی تھیں۔ 

ایسی این جی او پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں اور ان کا سراغ لگانا مشکل ہوتا جارہا ہے ، اس لیے اس بل میں بیرون ملک سے چندہ وصول کرنے والی تمام این جی او سے دہلی کے اسٹیٹ بینک میں اکاؤنٹ کھولنے اور اس کے ذریعہ رقم کو اپنے علاقے میں لے جانے کے لئے کہا گیا ہے ۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS