ایشان کی خطرناک نصف سنچری ، ممبئی کی راجستھان پر آٹھ وکٹ سے بڑی جیت

0
Image: Times of India

شارجہ،(یواین آئی): نوجوان وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن (50) کی خطرناک نصف سنچری کی بدولت ممبئی انڈینز نے یہاں راجستھان رائلز کے خلاف آئی پی ایل مقابلے میں آٹھ وکٹ سےبڑی جیت درج کی۔
ممبئی انڈینز نے پہلے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے راجستھان کو 20 اوورز میں صرف 90 رنز پرسمیٹ دیا۔ تیزگیندباز ناتھن کلٹرنائل (4/14) ، جیمز نیشم (3/12) اور جسپریت بمراہ (2/14) نے خطرناک گیندبازی کرتے ہوئے راجستھان کی بلے بازی کی کمر توڑ دی۔ کلٹرنائل نے چار اوورز میں 14 رنز دے کر چار ، نیشم نے چار اوورز میں 12 رنز دے کر تین اور بمراہ نے چار اوورز میں 14 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
بعد میں 91 رنز کے چھوٹے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ممبئی کے سلامی بلے بازوں کپتان روہت شرما اور ایشان کشن نے شروع میں زبردست بلے بازی کی۔ روہت نے پہلے ہی اوور میں 14 رنز بنائے۔ 23 رن کے اسکور پر روہت کاوکٹ گرنے کے بعد ایشان اور سوریہ کمار نے خطرناک انداز میں کھیلنا جاری رکھا۔ گزشتہ کچھ میچوں میں آوٹ آف فارم ایشان نے صرف25 گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر ناٹ آوٹ 50 رنز بنائے اور ٹیم کو میچ جیتایا ۔ سوریا کمار نے آٹھ گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 13 رنز بنائے۔ کلٹرنائل کو ان کی بہترین گیندبازی کے لیے ‘پلیئر آف دی میچ’ کا ایوارڈ دیا گیا۔
راجستھان کی ٹیم بلے بازی کے بعد گیندبازی میں بھی ناکام ثابت ہوئی۔ مستفیض الرحمان اور چیتن سکاریہ نے ایک ایک وکٹ لیا، لیکن دونوں کافی مہنگے ثابت ہوئے۔ اس سے پہلے بلے بازی میں بھی کوئی بلے باز متاثر کن کارکردگی نہیں کرسکا۔ سلامی بلے بازوں ایون لوئس اور یشسوی جیسوال نے شاندار شروعات کی لیکن دونوں لمبی اننگز نہیں کھیل سکے۔
لوئس تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پرسب سے زیادہ 24 جبکہ یشسوی تین چوکوں کی مدد سے نو گیندوں میں 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔اس بڑی جیت کے ساتھ ممبئی کی پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں برقرار ہیں جبکہ راجستھان اس دوڑ سے باہر ہوگیا ہے۔ بڑے فرق سے جیت درج کرنے کی وجہ سے ممبئی کے نیٹ رن ریٹ میں بھی کافی اصلاح ہوا ہے۔ اننگز کے 11.4 اوورز باقی رہتے ہوئے آٹھ وکٹوں سے جیت درج کرنے کے بعد اس کا نیٹ رن ریٹ-0.048 ہوگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS