بارش سے متاثرہ میچ میںافغانستان نے آئرلینڈ کو 27 رنز سے شکست دی

0

بیلفاسٹ (یو این آئی) :افغانستان نے نجیب اللہ زدران (50) اور راشد خان (31) کی شاندار اننگز کی بدولت چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں آئرلینڈ کو 27 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔پیر کو بارش سے متاثرہ میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 11 اوورز میں 132 رنز بنائے جس کے جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم 105 رنز ہی بنا سکی۔آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ رحمان اللہ گرباز نے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا اور 13 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے ۔ حضرت اللہ جازئی (5)، ابراہیم زدران (1) اور کپتان محمد نبی (5) کے ابتدائی آؤٹ ہونے کے باوجود نجیب اللہ اور راشد کی جوڑی نے جارحانہ انداز اپنایا۔ دونوں کے درمیان 18 گیندوں پر 50 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی۔ نجیب اللہ نے چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 50(24) جبکہ راشد نے ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 31(10) رنز بنائے ۔11 اوورز میں 133 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی جانب سے جارج ڈوکریل نے سب سے زیادہ 41 (27) رنز بنائے جب کہ کسی اور آئرش بلے باز نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ ڈوکریل نے اپنی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے ۔افغانستان کی جانب سے فرید احمد ملک نے دو اوورز میں 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ راشد خان اور نوین الحق نے دو دو وکٹیں حاصل کیں اور آئرلینڈ کی ٹیم 11 اوورز میں 105 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔اس کے ساتھ ہی پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے ۔ سیریز کے فاتح کا فیصلہ بدھ کو کھیلے جانے والے پانچویں اور فیصلہ کن میچ سے ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS