احتجاجی مظاہروں کے مدنظر یو پی کے21 اضلاع میں  انٹر نیٹ خدمات بند

0

نئی دہلی: اترپردیش میں سی اے اے، این آر سی اور این  پی آر کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج جمعہ کے پیش نظر اترپردیش  کے کئی اضلاع اور شہروں میں احتجاجی مظاہرے متوقع ہیں، جس کو  دیکھتے ہوئے یوگی حکومت نے 21 اضلاع میں انٹر نیٹ خدمات بند کردی  ہیں۔ یوپی کے ڈی جی پی او پی سنگھ نے کہا  ہے کہ لا اینڈ آرڈر پوری طریقے سے قابو میں ہے، ہم نے 21 اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات بند کردی  ہیں۔ اور حالات کو دیکھتے  ہوئے انٹر نیٹ خدمات بحال کی جائے گی۔ ڈی  جی پی نے مزید کہاکہ معصوم لوگوں کو ہاتھ نہیں لگایا جارہا  ہے اور جو لوگ تشدد میں ملوث  ہوں گے، انہیں بخشا بھی نہیں جائے گا۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کئی تنظیموں کے متحرک افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اب وہ کوئی بھی ہو، پی ایف آئی ہو یا کوئی سیاسی جماعت۔
غور طلب ہے کہ جن شہروں میں انٹر نیٹ خدمات بند کی گئی ہیں ان میں لکھنؤ، غازی آباد، میرٹھ، علی گڑھ، سہارنپور، بلند شہر، نبور، مظفر نگر، شاملی، سنبھل ، فیروز آباد،سیتاپور اور آگرہ شامل ہیں۔ میرٹھ میں جمعرات کی شب 10 بجے سے ہی انٹر نیٹ بندکرنے کا حکم صادر کیا گیا تھا، جب کہ غاذی آباد میں رات کے 12 بجتے ہی انٹر نیٹ خدمات بند ہوگئی تھیں۔ اور ضلع مظفر نگر میں 28 دسمبر تک انٹرنیٹ بند رکھنے کا حکم کیا گیا  ہے۔  
واضح رہے کہ 19 تا 21 دسمبر کے درمیان یوپی کے کئی شہروں میں تشدد کے واقعات پیش آئے تھے۔ جس میں 21 مظاہرین کے مرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا تھا۔ ان میں کئی کی لاشوں پر بندوق کی گولیوں کے نشان تھے، لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ربر اور پلاسٹک کی گولیاں  ہی استعمال کی تھیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS