نئی دہلی: ( یواین آئی) کورونا وائرس کے سنگاپور ویرینٔٹ کےحوالہ سے دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال کے ٹوئٹ سے ناراض سنگاپورکو آج ہندوستان نے واضح کیا ہے کہ کووڈ کے ویریئنٹ اورشہری ہوا بازی کی پالیسی کے بارے میں باضابطہ طور پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کچھ بھی کہنے کے اہل نہیں ہیں۔
Singapore and India have been solid partners in the fight against Covid-19.
Appreciate Singapore's role as a logistics hub and oxygen supplier. Their gesture of deploying military aircraft to help us speaks of our exceptional relationship. @VivianBala https://t.co/x7jcmoyQ5a
— Dr. S. Jaishankar (@DrSJaishankar) May 19, 2021
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے یہاں ٹوئٹر پر مطلع کیا کہ سنگاپور حکومت نے ہندوستان کے ہائی کمشنر پی کمار کو طلب کیا اور دہلی کے وزیراعلی کجریوال کے اس ٹویٹ پر سخت اعتراض کیا جس میں انہوں نے سنگاپور ویریئنٹ کے بارے میں بات کہی ہے۔
باگچی نے کہا کہ ہائی کمشنر نے سنگاپور حکومت کو بتایا ہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کووڈ کی مختلف اقسام اور شہری ہوا بازی کی پالیسی کے بارے میں باضابطہ طور پرکچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔
Politicians should stick to facts!
There is no “Singapore variant”. https://t.co/SNJaF7wkwC https://t.co/pNgw4bkV4H— Vivian Balakrishnan (@VivianBala) May 19, 2021
سنگاپور کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ’فیس بک‘اور’ٹوئٹر‘پر دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سنگاپور میں کورونا وائرس کا ایک ویریئنٹ پایا گیاہے جو بچوں کے لئے نقصان دہ ہے اور وہ ہندوستان میں تیسری لہر کا باعث بن سکتا ہے،بے بنیاد ہے اوربد بختانہ ہے۔ سنگاپور کی وزارت خارجہ نے اس پر مایوسی کا اظہار کیا کہ ایک ممتاز سیاسی شخصیت ایسے دعوے کرنے سے پہلے حقائق کی چھان بین کرنے میں ناکام رہی۔
سنگاپور کی وزارت صحت نے بھی کہا ہے کہ کورونا وائرس کے سنگاپور ویرینٔٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ سنگاپور میں حالیہ دنوں میں رپورٹ ہونے والی کورونا کے کیسز میں وائرس کا بی 1.617.2 ورژن ملا ہے جو ہندوستان میں پہلی بار پایا گیا تھا۔
خیال رہے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے منگل کے روز ایک ٹویٹ میں کہا ’’سنگاپورمیں آنے والی کورونا کی نئی شکل کو بچوں کے لئے بہت خطرناک قرار دیا جارہا ہے ، یہ ہندوستان میں تیسری لہر کی طرح آسکتا ہے‘‘۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سنگاپور کے ساتھ ہوائی خدمات کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور بچوں کے لئے ویکسین کے متبادل پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔