امرتسر، (ایجنسیاں) :پنجاب کے امرتسر ضلع میں بی ایس ایف (بارڈر سکیورٹی فورس) کے ہیڈ کوارٹر میں اتوار کی صبح ایک جوان نے میس میں اچانک فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ میں 4 جوان شہید اور 1 شدید زخمی ہوگیا۔ اسی دوران گولی چلانے والے سپاہی نے بعد میں خود کو بھی گولی مار لی۔ وہ بھی اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ فائرنگ کرنے والے جوان کی شناخت بٹالین 144 کے کانسٹیبل ساتیپا ایس کے کے طور پر کی گئی ہے۔ فائرنگ کی وجہ ڈیوٹی کا تنازع بتایا جارہا ہے۔ افسران معاملہ کی جانچ کر رہے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بٹالین 144 کے سپاہی امرتسر کے خالصہ میں واقع بی ایس ایف ہیڈکوارٹر کے میس میں ناشتہ کر رہے تھے۔ اس دوران بٹالین 144 کے کانسٹیبل ساتیپا ایس کے نے غصے میں آکر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ بتایا گیا ہے کہ ساتیپا ڈیوٹی سے ناراض تھا۔ اس واقعہ سے ہیڈ کوارٹر میں کہرام مچ گیا۔ میس میں گولیاں چلا کر ساتیپا نے اپنے 4 ساتھیوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ایک نوجوان راہل شدید زخمی ہو گیا۔ ساتیپا اس پر بھی باز نہیں آیا۔ وہ اپنی سروس کمبائن کے ساتھ میس سے باہر نکلا اور فائرنگ کرتا رہا۔ آخر کار پکڑے جانے کے خوف سے ساتیپا نے خود کو بھی گولی مار لی۔ 4 جوانوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ کانسٹیبل ساتیپا اور ایک دوسرے زخمی جوان کو اسپتال لے جایا گیا۔ راستے میں ساتیپا کی موت ہو گئی۔ گرو نانک دیو اسپتال میں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا، جبکہ دیگر زخمی کانسٹیبل کا علاج جاری ہے، تاہم حالت تشویشناک ہے۔
زخمی جوان راہل کی ماں اوما دیوی بھی گرو نانک دیو اسپتال پہنچیں۔ ان کے آنسو نہیں رک رہے تھے۔ اوما دیوی نے کہاکہ ساتیپا پاگلوں کی طرح ہر طرف گولیاں چلا رہا تھا، جو بھی اس کے سامنے آتا، اس کو بھون دیا۔ میرے بیٹے راہل کو بھی گولی لگی۔ مرنے والے جوانوں کے لواحقین اور بی ایس ایف کے اعلیٰ اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ فی الحال بی ایس ایف کے اہلکار اس پورے واقعہ پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ آئی جی بارڈر آصف جلال زخمی جوانوں نہال سنگھ اور راہل کی حالت جاننے کے لیے گرو نانک دیو اسپتال پہنچے۔ اس دوران آئی جی نے کہا کہ آپسی دشمنی اور گروہ بندی نہیں ہے۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ قابل غور ہے کہ زخمی راہل کو منتقل کرنے کا عمل آئی جی کے دورہ کے بعد ہی شروع ہوا تھا۔فائرنگ میں زخمی ہونے والے جوان راہل کو گرو نانک دیو اسپتال سے نجی اسپتال آئی وی وائی منتقل کیا گیا ہے۔ افسران کے دورے کے بعد جوان کو یہاں سے منتقل کر دیا گیا۔ ساتھ ہی میڈیا کی بھیڑ کو بھی منتقلی کی وجہ بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری اسپتال میں میڈیا کے اہلکار جمع ہیں، اس لیے حکام نے زخمی جوان کو پرائیویٹ اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا۔
بی ایس ایف کیمپ میں اندھادھند فائرنگ
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS