اردن میں دوستانہ میچ میں مصر کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ہندوستانی خواتین فٹ بال ٹیم تیار

0

نئی دہلی(یو این آئی) ہندوستانی سینئر خواتین فٹ بال ٹیم دوستانہ میچ میں طاقتور مصر سے مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے ، جو بدھ کو اردن کے زرقا واقع پرنس محمد اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم 9 اپریل کو میزبان اردن سے ٹکرائے گی۔ٹیم کے ہیڈ کوچ تھامس ڈینربی نے منگل کو ایک بیان میں کہا ’’بریک کے بعد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ٹیم کے لئے اہم ہوگا۔ یہ مصر کے خلاف اچھے میچ کو یقینی بنائے گا۔ تمام لڑکیاں ایک بار پھرسے پچ پر واپسی کے لیے تیار محسوس کر رہی ہیں۔ ہم اپنے تمام مخالفین کا بہت احترام رکھتے ہیں، لیکن یہ کسی بھی کھیل کے لئے ہمارے نقطہ نظر کوتبدیل نہیں کرتا ہے ۔ ہم ہمیشہ اچھا کرنا چاہتے ہیں اور جیتنے کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں‘‘۔دریں اثنا، ٹیم کی کپتان اور سینٹر بیک آشا لتا دیوی کا ماننا ہے کہ وہ ایک ساتھ بین الاقوامی میچ کھیلنے کے لئے پرجوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گوا میں ایک مختصر کیمپ نے ٹیم کو مصر اور اردن کے خلاف میچوں کے لئے تیاری کرنے میں مدد دی ہے ۔انہوں نے کہا ’’مختصر وقفے کے بعد ایک بار پھر قومی جرسی میں واپس آ کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے ۔ ہم سب پرجوش ہیں اور میدان پر اترنے کے لیے تیار ہیں۔ گوا میں ہمارا کیمپ اچھا رہا ہے اور اس سے ہمیں دو دوستانہ میچ کھیلنے سے پہلے خود کا اندازہ لگانے میں مدد ملی ہے ۔ ہم بہتر کی امید کرتے ہیں‘‘۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS