ہند امریکی کمیونٹی سے خطاب کے دوران وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا چین کو واضح پیغام

0

اگرکسی نے چھیڑا تو نہیں چھوڑے گاہندوستان
واشنگٹن، (پی ٹی آئی) :چین کو سخت پیغام دیتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگر ہندوستان کو کسی نے نقصان پہنچایا تو وہ بھی بخشے گا نہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان ایک طاقتور ملک کے طور پر ابھرا ہے اور دنیا کی بڑی 3 معیشتوں میں سے ایک بننے کی جانب گامزن ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے سین فرانسسکو میں ہند امریکی کمیونٹی کو خطاب کرتے ہوئے امریکہ کو ایک خوشگوار پیغام بھی دیا کہ ہندوستان ’زیرو-سم گیم‘ کی سفارت کاری میں اعتماد نہیں کرتا اور کسی ایک ملک کے ساتھ اس کے رشتے دوسرے ملک کی قیمت پر نہیں ہو سکتے۔ ’زیرو-سم گیم‘ اس صورتحال کو کہا جاتا ہے جس میں ایک فریق کو ہونے والے نقصان کے برابر دوسرے فریق کو فائدہ ہوتا ہے۔ وزیر دفاع ہندوستان اور امریکہ کے درمیان واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ ’ٹو پلس ٹو‘ وزارتی سطح کی بات چیت میں حصہ لینے کے لیے یہاں آئے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے ہوائی اور پھر سین فرانسسکو کا دورہ کیا۔ سنگھ نے جمعرات کو سین فرانسسکو میں ہندوستان قونصل خانہ کے ذریعہ ان کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب کو خطاب کرتے ہوئے چین کے ساتھ سرحد پر ہندوستانی فوجیوں کے ذریعہ دکھائی گئی بہادری کا ذکر کیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ’میں کھلے طور پر یہ نہیں کہہ سکتا کہ انہوں نے (ہندوستانی فوجیوں نے) کیا کیا اور ہم نے (سرکار نے) کیا فیصلے لیے، لیکن میں یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں کہ (چین کو) ایک پیغام گیا ہے کہ ہندوستان کو اگر کوئی چھیڑے گا تو ہندوستان چھوڑے گا نہیں۔‘
پینگانگ جھیل کے علاقے میں پر تشدد جھڑپ کے بعد 5 مئی 2020 کو ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان سرحدی تعطل شروع ہو گیا تھا۔ 15 جون 2020 کو گلوان وادی میں ہونے والی جھڑپوں کے بعد تعطل مزید بڑھ گیا۔ ان جھڑپوں میں 20 ہندوستانی فوجی شہید ہوگئے تھے۔ حالانکہ چین نے اس سلسلے میں کوئی سرکاری تفصیلات نہیں دیں۔ یوکرین جنگ کے سبب روس کے رشتے میں امریکی دباﺅ کا کوئی سیدھا حوالہ دیے بغیر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان’زیرو-سم گیم‘ سفارت کاری میں یقین نہیں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کے کسی ایک ملک کے ساتھ اچھے رشتے ہیں، تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کسی دیگر ملک کے ساتھ اس کے رشتے خراب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہندوستان نے کبھی بھی اس طرح کی سفارت کاری نہیں اپنائی ہے۔ ہندوستان کبھی بھی اسے (اس طرح کی سفارت کاری) نہیں اپنائے گا۔ ہم بین الاقوامی تعلقات میں ”زیرو-سم گیم“ میں یقین نہیں کرتے ہیں۔‘ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان ایسے باہمی رشتے بنانے میں یقین کرتا ہے جس سے دونوں ملکوں کو یکساں طور پر فائدہ ہو۔ ان کا تبصرہ یوکرین بحران پر ہندوستان کی صورتحال اور رعایتی شرح پر روسی تیل خریدنے کے فیصلے پر امریکہ میں کچھ بے چینی کے درمیان آیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ہندوستان کے شبیہ بدل گئی ہے۔ ہندوستان کا وقار بڑھا ہے۔ اگلے کچھ برسوں میں دنیا کی کوئی بھی طاقت ہندوستان کو دنیا کی بڑی 3 معیشتوں میں سے ایک بننے سے نہیں روک سکتی۔‘ ہندوستانی کمیونٹی کو خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ ماضی میں دنیا کا کوئی بھی ملک ترقی یافتہ اور خوشحال ہونا چاہتا تھا تو وہ ہمیشہ ہندوستان کے ساتھ تجارت کرنے کے بارے میں سوچتا تھا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ 2013 میں امریکہ کے اپنے پچھلے دورے کے دوران نیو جرسی میں ایک استقبالیہ تقریب میں انہوں نے ہند امریکیوں کے ایک گروپ سے کہا تھا کہ ’ہندوستان کی کامیابی کی کہانی ختم نہیں ہوئی ہے، یہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کا انتظار کر رہی تھی۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS