ممبئی حملوں کی برسی پر پاکستانی سفارتکار طلب

0

قصوروارو ں کو سزا دینے میں تاخیر پرہندوستان کا اظہار ناراضگی
نئی دہلی (یو این آئی) : ہندوستان نے 13 سال قبل آج کے دن ممبئی دہشت گردانہ حملوں کی برسی کے موقع پر پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک سینئر سفارت کار کو طلب کرکے اس معاملے میں قصورواروں پرتیزرفتاری سے مقدمہ چلانے اور بلاتاخیر سزادلانے کوکہا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے یہاں باقاعدہ بریفنگ میں کہا کہ آج کا دن ہندوستان کیلئے بہت خاص ہے۔ ہم نے پاکستان کے سینئر سفارت کار کو طلب کرتے ہوئے ایک سرکاری پیغام کے ذریعے 26 نومبر کے ممبئی حملے کے گنہگاروں کو جلد از جلد سزادلانے کی بات پھرسے دہرائی ہے ۔ ہماری توقع ہے کہ حکومت


پاکستان اس سلسلے میں فوری اقدامات کرے اور پاکستانی سرزمین کا ہندوستان کے خلاف دہشت گردی پھیلانے کی اجازت نہ دینے کے عزم کو پورا کرے ۔انہوں نے کہا کہ اس حملے کو 13 سال ہوچکے ہیں اور ہندوستان کے لوگ اس خوفناک حملے میں اپنی جانیں گنوانے والوں اور ان کے دفاع میں قربانی دینے والوں کویادکرتے ہیں۔ صدرجمہوریہ، نائب صدرجمہوریہ اور وزیر اعظم نے اپنے اپنے پیغامات میں شہداکے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر باغچی نے کہا کہ ممبئی دہشت گردانہ حملے میں 14دیگر ممالک کے شہریوں کی جانیں گئی تھیں۔ ان ممالک میں ہندوستانی مشنوں نے خصوصی خراج عقیدت کے پروگرام منعقد کیے اور دہشت گردی کے عالمی خطرے کی یاد دلائی۔ ان پروگراموں میں وہاں کی حکومتوں کے نمائندے اور مرنے والوں کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند حملے میں جان گنوانے والوں اور شہدا کے خاندانوں کو انصاف دلانے کیلئے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS