ہندوستان۔ ڈنمارک کئی شعبوں میں تعاون کریں گے ، معاہدوں پر دستخط ہوئے

0

نئی دہلی،(یو این آئی): ڈنمارک کے وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن کے ہندوستان کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے ماحولیات کے تحفظ کے ساتھ ترقی کے لیے اپنی منفرد شراکت داری کو تیز کرنے کے لیے مہارت کی ترقی ، صحت ، زراعت ، پینے کے صاف پانی پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ہفتہ کو سبز توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
دارالحکومت میں مسٹر فریڈرکسن اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان سربراہ اجلاس کے دوران دونوں فریقوں کی جانب سے ان معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ مسٹر مودی نے بتایا کہ ڈنمارک نے انٹرنیشنل سولر ایلائنس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے جو ہندوستان کی جانب سے شمسی توانائی کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا ایک تعاون پروگرام ہے۔
پوری دنیا میں کووڈ-19 وبائی امراض کی وجہ سے سفری پابندیوں کے نافذ ہونے کے بعد گزشتہ 20 مہینوں میں کسی حکومت کے سربراہ یا ریاست کے سربراہ کا یہ پہلا دو طرفہ دورہ ہے۔ یہاں حیدرآباد ہاؤس میں مسٹر فریڈرکسن سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں مسٹر مودی نے خود اس بات کا ذکر کیا کہ ایک ملک کی حکومت کا سربراہ طویل وقفے کے بعد ہندوستان آیا ہے۔
مسٹر مودی نے بتایاکہ ” کورونا وبا شروع ہونے سے پہلے حیدرآباد ہاؤس نے باقاعدہ طور پر حکومت کے سربراہوں اور سربراہان مملکت کا خیرمقدم کررہا ہے۔ گزشتہ 18-20 مہینوں سے یہ سلسلہ رک گیا تھا۔‘‘انہوں نے بتایا کہ انہیں خوشی ہے کہ مسٹر فریڈرکسن کے دورے سے آج یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور ڈنمارک سے گزشتہ سال ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے رابطہ برقرار رہا۔ انہوں نے بتایاکہ “درحقیقت ، آج سے ایک سال پہلے ہم نے اپنی ڈیجیٹل سمٹ میٹنگ میں ‘گرین اسٹریٹجک پارٹنرشپ’ قائم کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا تھا۔ یہ شراکت ہماری آگے کی سوچ اور آب وہوا کے تئیں ہماری بیداری کی نشانی ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ ہندوستان اور ڈنمارک کے مابین یہ شراکت اس بات کی ایک مثال ہے کہ کس طرح اجتماعی کوششیں ٹیکنالوجی کے ذریعے ماحول کو بچاتے ہوئے سبز اقتصادی ترقی کے لئے کام کیا جاسکتا ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ دونوں فریق موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کا مل کر مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں فریقوں نے آج کی میٹنگ میں اپنی شراکت میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں تعاون بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
مودی نے بتایاکہ “اس تناظر میں یہ بھی بڑی خوشی کی بات ہے کہ ڈنمارک انٹرنیشنل سولر الائنس کا رکن بن گیا ہے۔ اس نے ہمارے تعاون میں ایک نئی جہت کا اضافہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS