فائنل میں داخلے کے لئے دہلی اور چنئی کے مابین چیلنجنگ مقابلہ

0
Image: Cricket Addictor

دبئی(یو این آئی):آئی پی ایل کے موجودہ 2021 سیزن کی پہلے اور دوسرے نمبر کی ٹیمیں بالترتیب دہلی کیپٹلز (ڈی سی ) اور چنئی سپرکنگز (سی ایس کے) یہاں اتوار کے روز پہلے کوالیفائر مقابلے میں جیت کے ساتھ سیدھے فائنل میں پہنچانا چاہیں گی۔
دونوں ٹیموں کے پاس بے شک شکست کے بعد بھی ایک اور موقع رہے گا لیکن دونوں کی نظریں اس مقابلے کو جیت کر سیدھے فائنل میں پہنچنے پر ہوں گی۔ چنئی کی ٹیم اس جیت کے ساتھ نویں مرتبہ آئی پی ایل کا فائنل کھیلے گی جبکہ دہلی کا یہ دوسرا فائنل ہوگا۔ اعدادوشمار کی طرف دیکھیں تو سی ایس کے کی ٹیم 10 مرتبہ پلے آف اور آٹھ مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے اور اس نے تین مرتبہ خطاب اپنے نام کیا اور پانچ مرتبہ رنراپ رہی ہے۔ وہیں دہلی کی ٹیم پانچ مرتبہ پلے آف میں جبکہ ایک بار ہی فائنل میں پہنچی اور اس میں بھی رنراپ رہی ہے۔ دونوں ہی ٹیموں نے بلاشبہ اس سیزن میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے خاص طور پر دہلی کی ٹیم نے متاثر کیا ہے۔ چنئی کے پاس سرکردہ کھلاڑی موجود ہیں جو بڑے موقع پر حریف ٹیموں پر دباؤ بنانے کے لئے معروف ہیں۔
دہلی کی مضبوطی اس کی گیندبازی ہے ۔ اس کی بلے بازی بھی بہترین ہے لیکن بیشتر میچوں میں اسے جیت اس کے گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ملی ہے۔ اینرک نورٹجے ، کگیسو ربادا ، اویس خان اور اکسر پٹیل سبھی خطرناک گیندبازی کررہے ہیں وہیں بلے بازی میں شکھر دھون ، پرتھوی شا ، شریس ایئر ، شمرون ہیٹمائر اور کپتان رشبھ پنت نے عمدہ اننگز کھیلی ہیں۔
چنئی کی بات کریں تو اس کا ٹاپ آرڈر مضبوط ہے۔ خاص طور پر رتوراج گائیکواڈ ایک مختلف تال میں نظر آرہے ہیں اور تجربہ کار فاف ڈو پلیسیس ان کا ساتھ بخوبی دے رہے ہیں۔ دوسرے مرحلے کے تقریباً سبھی میچوں میں دونوں اوپنرز نے اچھی اور جارحانہ شروعات کی ہے۔ ڈو پلیسیس 14 میچوں میں 546 رنز کے ساتھ اس سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ رتوراج 14 میچوں میں 533 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ ڈوین براوو ، جوش ہیزل ووڈ ، شاردول ٹھاکر ، دیپک چاہر اور رویندرا جدیجا گیندبازی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ڈو پلیسس نے پانچ نصف سنچریاں بنائی ہیں ، جبکہ رتوراج نے تین نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کی ہے۔
دونوں ٹیموں کے لیے کوالیفائر میچ میں جیت ان کے فائنل میں جگہ کو یقینی کرے گی حالانکہ شکست کے باوجود بھی انہیں فائنل میں پہنچنے کا ایک اور موقع ملے گا۔ ہارنے والی ٹیم پیر کو شارجہ میں رائل چیلنجرز بنگلور اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان ایلیمینیٹر میچ کی فاتح کا سامنا کرے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS