دنیا کا دوسرا بڑا اپ گریڈیڈ جین بینک کا افتتاح

0
Image: youtube

نئی دہلی: (یو این آئی) مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے نیشنل بیورو آف پلانٹ جینیٹک ریسورس (این بی پی جی آر)، پوسا، نئی دہلی میں دنیا کے دوسرے بڑے نیشنل جین بینک کا افتتاح آج کیا۔اس موقع پر مسٹر تومر نے کہا کہ ہندوستان کے کسان زراعت کے شعبے کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ کسان کوئی بڑی تعلیمی ڈگری کے بغیر ہنر مند انسانی وسائل ہیں۔ کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے حکومت نے کئی اسکیموں کے ذریعے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے پروفیسر بی پی پال، پروفیسر ایم ایس سوامی ناتھن اور پروفیسر ہربھجن سنگھ جیسے دور اندیش ماہرین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک میں دیسی فصلوں کے تنوع کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ ہمارا ایک شاندار ماضی ہے، اسے پڑھ کر ملک کی ترقی کے لیے ہر ایک کو مستقبل کے تئیں ذمہ داری کے احساس کے ساتھ آگے بڑھتے رہنا چاہیے۔ یہ جدید ترین نیشنل جین بینک اس سمت میں ایک مضبوط قدم ہے۔ یہاں کام کرنے والے عملہ نے اطمینان اور خوشی محسوس کی ہوگی کہ وراثت کو بچاتے ہوئے وہ کس طرح زراعت کے شعبے اور ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔
مسٹر نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ قدیم زمانے میں وسائل کی کمی تھی، یہاں تک کہ اتنی زیادہ ٹیکنالوجی بھی نہیں تھی، لیکن فطرت کا تانا بانا مضبوط تھا، مکمل ہم آہنگی تھی، جس کی وجہ سے نہ تو ملک میں غذائی قلت تھی اور نہ ہی بھوک کی وجہ سے اموات ہوتی تھیں۔ لیکن جب یہ تانا بانا ٹوٹ گیا، تو ہمیں مشکلات کا سامنا ہوا اور خصوصی کوششوں کی ضرورت پڑی۔
وزير موصوف نے کہا کہ آج کسانوں اور زراعتی سائنسدانوں کے ساتھ حکومت کی کامیاب کوششوں کے نتیجے میں اناج کی پیداوار اور پیداواری صلاحیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پروگرام میں، مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت کیلاش چودھری نے کہا کہ کاشتکاروں کو اپ گریڈ شدہ جین بینک سے بہت زیادہ فائدہ ہوگا ۔ حکومت مثبت سوچ کے ساتھ کام کر رہی ہے۔اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ ڈاکٹر ترلوچن مہا پترا نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے بیورو کی سرگرمیوں اور پیش رفت کی وضاحت کی۔ اس موقع پر مسٹر تومر نے بیورو کی کچھ اشاعتوں کا اجراء کیا اور پی جی آر میپ ایپ لانچ کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS