گوکلپوری میں اپنوں کو دم توڑتے اور تڑپتے دیکھتے رہ گئے مجبور رشتہ دار

0

بچوں کو بچانے اور سامان نکالنے کی کوشش کے باوجود کچھ نہ کرپانے پر اظہار افسوس
نئی دہلی (ایس این بی) : شمال مشرقی دہلی کے گوکلپوری علاقہ میں میٹرو لائن کے نیچے بنی جھگی بستی میں جمعہ کی دیر رات لگی بھیانک آگ میں 7لوگوں کے بعد وہاں ماتم چھایا ہوا ہے۔ یہاں رہنے والے لوگوں کو اس بات کا ملال ہے کہ وہ اپنی ہی آنکھوں کے سامنے اپنے ہی عزیزوں کو دم توڑتے اور تڑپتے دیکھتے رہے اور ان کی جان بچانے کے لیے کچھ نہیں کرپائے۔ آتشزدگی حادثہ میں 2کنبوں کے 5نابالغ سمیت 7افراد کی جان چلی گئی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شب تقریباً 1.03 بجے گوکلپوری گاؤں، میٹرو پلر نمبر 12 کے پاس یہ حادثہ ہوا۔ یہاں پر تقریباً ایک ایک ہزار گز کے 2پلاٹ میں 60جھگیاں ہیں۔ دیر رات ان میں اچانک آگ لگ گئی۔ کچھ ہی دیر میں آگ دونوں پلاٹوں میں بنی جھگیوں میںپھیل گئی اور موقع پر افراتفری مچ گئی۔ ابتدائی جانچ میں لوگوں نے بھاگ کر اپنی جان بچائی لیکن ایک جھگی میں گاؤں فاضل پور، اناؤ، یوپی کے رہنے والے سجن کا کنبہ پھنس گیا، وہیں کھیڑا گاؤں، اناؤ کے رہنے والے پنٹو کے 2بچے بھی جھگی میں پھنس گئے۔ اس بیچ موقع پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئیں۔ بچاؤ کے کام کے دوران کئی جھگیوں میں رکھے چھوٹے سلنڈر پھٹنے لگے جس سے آگ نے بھیانک شکل اختیار کرلی اور کئی لوگوں کو اپنی زد میں لے لیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ رجن کا کنبہ گھر میں رکھے سامان اور 11سالہ امت عرف شہنشاہ کو نکالنے کے لیے جھگی میں گیا تھا لیکن کنبہ کے 5لوگ آگ میں پھنس گئے۔ دوسری جانب پنٹو اپنی بیوی اور 2بیٹیوں کو محفوظ نکال لایا لیکن 2اور بچے دپیکا اور روشن کرن نامی خاتون کی جھگی میں جھلسی حالت میں ملے۔ حادثہ کے بعد رجن اور پنٹو کے کنبوں کا روروکر برا حال ہے۔ پولیس معاملہ کی چھان بین کررہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS