اگر پاکستان سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکا تو بہت خوشی ہوگی: راجربنی

0

بنگلورو (یو این آئی) : بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی نے کہا کہ اگر پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں نہیں پہنچتا ہے تو یہ ان کے لیے بڑی خوشی کی بات ہوگی۔
بنی نے جمعہ کی رات صحافیوں کو بتایا، ’’میرا مطلب ہے کہ پاکستان کے لیے سیمی فائنل تک پہنچنا مشکل ہو گا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ میرے لیے بڑی خوشی کی بات ہو گی لیکن کرکٹ غیر یقینی صورتحال کا کھیل ہے اور کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے‘‘ ۔
جمعرات کو زمبابوے کے خلاف سپر 12 کے سنسنی خیز میچ میں پاکستان کو صرف ایک رن سے شکست ہوئی۔ مسلسل دو میچوں میں شکست کے بعد اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں۔
بنی نے کہا’’یہ اچھی بات ہے کہ چھوٹی ٹیمیں سامنے آ رہی ہیں۔ زمبابوے اور آئرلینڈ نے اس ٹی 20 ورلڈ کپ میں اسے ثابت کر دیا ہے ۔ آپ اب چھوٹی ٹیموں کو ہلکے سے نہیں لے سکتے ۔ وہ آپ کو آسانی سے شکست دے سکتی ہیں۔‘‘
ایک سوال کے جواب میں بنی نے کہا کہ لوگوں کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ جیتنے کے لیے ہندوستان کی غیر معمولی کارکردگی کی تعریف کرنی چاہیے اور آخری اوور میں پھینکی گئی نو بال کے ارد گرد بحث نہیں کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا، ’’جب آپ کسی میچ میں شکست کھاتے ہیں تو آپ کو اسے منصفانہ طور پر لینا چاہیے ۔ لوگوں کو اس کی تعریف کرنی چاہئے جس طرح ہندوستان نے کھیل جیتا ہے ‘‘۔
خیال ر ہے کہ وراٹ کوہلی نے پاکستان کے خلاف آخری اوور میں محمد نواز کی جانب سے کرائی گئی نو بال پر چھکا لگایا تھا جس کے بعد اس گیند کی قانونی حیثیت پر بحث شروع ہو گئی تھی۔ کئی لوگوں کا خیال تھا کہ گیند کمر سے اوپر نہیں تھی اور امپائر کو اس فیصلے کے لیے تھرڈ امپائر کے پاس جانا چاہیے تھا، حالانکہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق اگر نو بال پر وکٹ نہیں گرتی ہے تو اسے تھرڈ امپائر کو نہیں بھیجا جاسکتا ہے ۔
بنی نے پاکستان کے خلاف غیر معمولی اننگز کے لیے کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا’’آپ نے شاذ و نادر ہی ایسے میچ دیکھے ہوں گے جو زیادہ تر وقت پاکستان کے حق میں رہے ہوں اور اچانک ہندوستان نے واپسی کی ہو۔ یہ کھیل کے لیے اچھا ہے کیونکہ ناظرین یہی دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘
ایک سوال کے جواب میں بنی نے کہا کہ کوہلی کو اپنی صلاحیت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور دباؤ کے حالات میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا بخوبی جانتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS