شراب کی دکانیں کھل سکتی ہیں تو ہفتہ وار بازار کیوں نہیں؟

0

نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے کہا کہ عام آدمی پارٹی سرکار نے کووڈ-19وبا کی پابندیوں میں اوررعایتوں کا اعلان کردیا لیکن ابھی بھی سب سے محروم سیکٹر تہہ بازاری (ہفتہ وار بازار ) کو چھوڑ دیا ہے جس میں زیادہ تر غریب طبقے کے لوگوں کا کاروبار ہوتا ہے،جہاں پر تمام یومیہ ضرورت کا سامان غریب اور متوسط طبقہ کے لوگ اور بڑی آبادی والے علاقوں کے لوگ ہفتہ وار بازاروں سے سستی شرحوں پر سامان خریدتے ہیں ۔ انہوںنے دہلی سرکار سے مطالبہ کیا کہ ہفتہ وار بازاروں کو مکمل طورپر پہلے کی طرح کھولا جائے تاکہ غریب طبقے کو کچھ راحت مل سکے۔
وہ اپنے اعزاز میںپارٹی کارکنان کے ذریعہ بھجن پورہ میںاتوار کو منعقد استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے،جس میں سابق ممبر اسمبلی چودھری متین احمد، بھیشم شرما ،کونسلر رنکو ،زبیر احمد ،اجیت سنگھ ،سندیپ گوسوامی سمیت کثیر تعداد میں کانگریس کارکنان اور مقامی لوگ موجود تھے۔اس موقع پر انل کمار نے کہا کہ اگر شراب کی دکانیں کھولی جاسکتی ہیں ،جہاں کووڈ گائڈ لائنس کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہوں تو ہفتہ وار بازاروں کو بھی کھول دیا جانا چاہئے کیونکہ یہ ہزاروں مجبور لوگوں کے لئے زندگی اور موت کا سوال ہے ۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ سے یہ بھی درخواست کی کہ جہاں پہلے ہفتہ وار بازار لگاتے تھے اگر ضروری ہو تو ایسے بازاروں میں بھیڑ کو منظم کرنے کے لئے کووڈ ضوابط کے ساتھ مارشلوں کو تعینات کریں ۔انہوں نے کہا کہ کووڈ لاک ڈائون اور پابندیوں کے سبب ریہڑی پٹری والوں اور تہہ بازاری فروشوں کو سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے اور اروند کجریوال سرکار کو ان کے لئے ایک راحت پیکیج کا اعلان کرنا چاہئے کیونکہ کووڈ وبا نے انہیں بربادی کے دہانے پر لا کھڑا کردیا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS