اے اے پی کا جنترمنتر پر مظاہرہ،وزیراعلیٰ کجریوال نے مرکز کو بنایا نشانہ
اظہارالحسن
نئی دہلی : قومی راجدھانی خطہ ترمیمی بل 2021(جی این سی ٹی ڈی) کو لے کر وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے مرکزی سرکار کو جم کر نشانہ بنایا۔ انہوں نے مرکزی سرکار سے سوالیہ لہجہ میں پوچھا کہ جب دہلی میں ایل جی کو اختیار ہے تو پھر الیکشن کیوں؟ انہوں نے الزام لگایاکہ بی جے پی کی مرکزی سرکار نے پہلے الیکشن میں ہرانے کی کوشش کی، پھر ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی، جب اس میں ناکام ہوگئی تو پچھلے دروازے سے دہلی کی سرکار کو چلانا چاہتی ہے۔ ہم یہ ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ کجریوال نے جنترمنتر پر پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سرکار سے اس بل کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعلیٰ سے قبل نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا، ریاستی وزیر گوپال رائے سمیت دیگر بڑے لیڈروں نے بھی مظاہرہ کررہے کارکنان سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہماری سرکار دہلی میں اچھا کام کررہی ہے۔ مرکز ان کے اچھے کاموں کو روکنا چاہتی ہے۔ بی جے پی کو اچھا کام راس نہیں آرہاہے۔ اس لیے وہ سرکار کو گرانے کی کوشش کررہی ہے، یہ انتہائی افسوسناک بات ہے۔ انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ پریشان نہ ہوں۔ ہم آپ کے تمام کام کریں گے اور کسی بھی حال میں دہلی کو اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دیں گے۔

Image:PTI

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم دہلی میں سی سی ٹی وی کیمرا لگانا چاہتے تھے ،لیکن ایل جی نے ان کی فائل کو ایک سال تک روکے رکھا۔ہم نے اور منیش سسودیا نے جب ایل جی کے گھر جا کر دھرنا دیا ،تب فائل پاس ہوئی ۔اقتدار عوام کے ہاتھ میں ہونا چاہئے ۔ہم اقتدار عوام کے ہاتھ میں واپس لے کر آئیں گے اور ترقی کا کام نہیں رکنے دیں گے۔ مرکزی سرکار کویہ بل واپس لینا پڑے گا۔اروند کجریوال نے کہا کہ دہلی کے عوام پہلے2015اور پھر 2020میں اپنا فیصلہ سنا چکی ہے۔ عوام کے ذریعہ منتخب سرکار کی فائلیں ایل جی کے پاس جائیں گی ،یہ نا انصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ3 دن سے مسلسل دیکھ رہے ہیں کہ دہلی میں سروے ہورہا ہے اور 90فیصد لوگ میری سرکار سے خوش نظرآ رہے ہیں۔وہ چینلوں پر کہتے دیکھ رہے ہیں کہ میری سرکار اچھا کام کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے مظاہرین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا غصہ بتا رہا ہے کہ دہلی کے لوگ مرکز کی بی جے پی سرکار کے فیصلے سے ناراض ہیں۔تعلیم اور صحت کے شعبہ میں ان کی سرکار نے قابل قدر کام کئے ہیں ۔محلہ کلینک بنا کر لوگوں کو مفت اور گھر کے نزدیک علاج کی سہولت مہیا کرائی ہے۔اروند کجریوال نے کہا کہ اچھا ہوتا، مرکزی سرکار بھی ان کی سرکار کی طرح اچھا کام کرتی۔گجرات میں فری بجلی دیتی۔
اس سے مقابلہ آرائی بڑھتی اور دیگر ریاستوں میں بھی اچھا کام ہوتا ۔میں مرکزی سرکار سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا یہ دیش بھکتی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج جب پورا ملک آزادی کے 75سال منا رہا ہے۔ ایسے وقت میں ہماری سرکار کو گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔آزادی کے 75سال پورے ہونے پر ہماری سرکار دہلی کو تحفہ دے رہی ہے ۔دہلی میں ناکام رہنے کے بعد بھی بی جے پی اس طرح کا بل لا رہی ہے ۔اروند کجریوال نے کہا کہ’میں مرکزسے جی این سی ٹی ڈی بل واپس لینے کی اپیل کرنا چاہتا ہوں ،اس کے ذریعہ لوگوں کو دھوکہ نہ دے ۔
نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے اسٹیج سے بجٹ کی خوبیوں کو گناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی والے نہیں چاہتے کہ دہلی کے لوگوں کی آمدنی سنگا پور میں بیٹھے لوگوں کے برابرہو۔گجرات کے لوگ بھی اب کجریوال ماڈل چاہتے ہیں ۔میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں یہ بات صاف ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS